0
Friday 27 Jan 2023 21:16

وزیر اعظم نے ہماری درخواست پر سبسڈی گرانٹ میں دو ارب کا اضافہ کیا، حفیظ الرحمن

وزیر اعظم نے ہماری درخواست پر سبسڈی گرانٹ میں دو ارب کا اضافہ کیا، حفیظ الرحمن
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعلی و صدر مسلم لیگ نون گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود جی بی کے عوام کے  فلاح و بہبود و تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں اہم اور عوامی حکومت کا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور جی بی کے عوام کیلئے مشکل معاشی صورتحال کو آڑے آنے نہیں دیا اور حقیقی عوامی حکومت کے اصولوں کا عین اظہار کیا ہے۔ وفاقی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی نئے وفاقی منصوبے دیئے۔ زیر تعمیر بڑے منصوبوں کو بروقت فنڈز دیئے اور اب گلگت بلتستان کے عوام کیلئے سبسڈائز گندم کی قلت کو سامنے رکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کی خصوصی گزارشات پر سبسڈی گرانٹ میں دو ارب روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ اس اضافی گرانٹ سے جی بی کے عوام کا معاشی فائدہ ہوگا۔

سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گندم سبسڈی کی مد میں 02 ارب کی اضافی گرانٹ دینے پر گلگت بلتستان کے عوام کی طرف سے وفاقی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس گرانٹ کے حصول میں چیف سیکرٹری جی بی کی خصوصی کاوشوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ حفیظ الرحمن نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق وفاقی حکومت نے گندم سبسڈی کی گرانٹ کو فیڈرل پی ایس ڈی پی کا حصہ بنایا اور پاسکو کے سابق بقایا جات کی مد میں 25 ارب روپے ادا کئے۔ موجودہ حکومت نے گرانٹ میں 02 ارب کا اضافہ کیا۔ عمران نیازی اور علی امین گنڈاپور نے صوبائی الیکشن کمپئین کے دوران گندم سبسڈی کے عوامی مسئلے کو ووٹ کے حصول کیلئے وقتی استعمال کیا اور اپنی حکومت کے دوران اپنے وعدوں اور دعوؤں کو پس پشت پر ڈال دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے وعدوں کے برعکس محکمہ خوراک کو سیاسی اکھاڑہ بنایا گیا۔ جس کے باعث یہ محکمہ عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکا۔ جبکہ مافیاز کی توقعات پر پورا اتر گیا، جس سے نہ عوام کو بروقت آٹا دستیاب ہو سکا اور نہ اچھی کوالٹی کا آٹا مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ صوبائی حکومت نے گندم سبسڈی اور آٹے کی فراہمی پر مسلسل قوم سے جھوٹ بولا۔ کہتے رہے گرانٹ کے فنڈز میں کمی کے باعث عوام کو 26 فیصد کٹوتی کی جا رہی ہے جب کہ 40 کلو کے تھیلے کی بجائے 20 کلو کا تھیلا دیکر 50 فیصد کٹوتی کی گئی اور عوام سے مسلسل جھوٹ بولا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود اپنی ذمہ داری ادا کی۔ اب بھی وقت ہے سلیکٹڈ صوبائی حکومت اپنی زمہ داریاں ادا کرے۔

حفیظ الرحمن نے کہا کہ محکمہ خوراک پر سیاسی دباؤ کا خاتمہ کیا جائے۔ پوسٹنگ ٹرانسفرز اہلیت کی بنیاد پر کیے جائیں۔ بلیک مارکیٹ کے خاتمے کیلئے اقدامات تجویز کئے جائیں اور عوام کے حق کو عوام تک پہنچانے کیلئے بروقت اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعلی اور وزراء نے گندم سبسڈی میں گلگت بلتستان حکومت کے فنڈز دینے کا شوشہ چھوڑا اور عملی اقدامات کوئی نہیں کئے۔ جبکہ عمران نیازی کے جعلی اقتدار کے دوران وفاق سے سبسڈی کی گرانٹ میں اضافہ منظور نہیں کروا سکے اور جی بی کے فنڈز سے سبسڈی گرانٹ میں فنڈز ٹرانسفر کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 1038063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش