QR CodeQR Code

سیاسی جماعتیں انتخابی عمل کے قانونی فریم ورک کی کمزوریوں کو دور کرنے کیلئے فوری مذاکرات کریں، فافن

27 Jan 2023 22:11

اعلامیے کے مطابق خواتین صرف 27 فیصد اضلاع کی نمائندگی کرتی ہیں، خواتین کیلئے مختص نشستوں کے صوبائی کوٹے کی انتظامی ڈویژنوں کے درمیان تقسیم سے مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے عام انتخابات سے متعلق سفارشات جاری کر دیں۔ فافن کے جاری اعلامیے کے مطابق آئینی طور پر عام انتخابات رواں سال 11 اکتوبر کو ہونے ہیں، ان 7 ماہ میں سیاسی جماعتیں اہم انتخابی اصلاحات پراتفاق رائے کیلئے فوری مذاکرات کا آغاز کریں، انتخابات سے قبل سیاست میں پیسے کا استعمال، انتخابی نتائج کے انتظام، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے طریقہ کار اور نمائندگی پراتفاق رائے درکار ہے۔ فافن اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں موجودہ قانونی فریم ورک کی کمزوریوں کو دور کرنے کیلئے فوری مذاکرات کریں، سیاسی جماعتیں اختلافات بھلاکرمتحد نہ ہوئیں تو ملک سیاسی عدم استحکام کی زد میں رہے گا اور اس وجہ سے پہلے سے کمزور معیشت پر مزید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

 
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ انتخابات کے وقت میں باقی 7 ماہ میں شفاف انتخابات کیلئے انتخابی فریم ورک میں تبدیلیاں لائی جائیں، انتخابات سے سیاسی استحکام کیلئے 2014 کی طرز پر سینیٹ اور قومی اسمبلی کے نمائندوں پر مشتمل کثیر جماعتی کمیٹی تشکیل دی جائے، 2014 میں کثیرجماعتی کمیٹی نے سیاسی تقسیم کے باوجود ایک متفقہ انتخابی قانون منظور کیا تھا۔ فافن کا کہنا ہے کہ انتخابی نظام کو انتخابات میں سوشل میڈیا کے بڑھتے اثرات جیسے نئے مسائل کا سامنا ہے، سوشل میڈیا نے سیاسی جماعتوں کے علاوہ ممنوع ذرائع کی مہمات کی مالی سرپرستی شروع کی ہے، انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے خرچ پر حد مقرر اور خلاف ورزی پر سزا دی جائے، الیکشن کمیشن امیدواروں کی جانب سے سوشل میڈیا اوردیگراخراجات کی جانچ پڑتال یقینی بنائے، سوشل میڈیا پر انتخابی مہم، قواعدوضوابط کی پابندی اور اخراجات کا استعمال ریگولیٹ کیا جائے۔

فافن نے جاری اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں موجودہ حکومت نے انتخابی اصلاحات کا وعدہ کیا تھا، حکومت نے اب تک اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ کے حق اور ای وی ایم پرکوئی پیشرفت نہیں کی، الیکشن کمیشن کو انتخابی نتائج کی جانچ پڑتال میں خودمختار بنایا جائے اس سے متعلق فافن جلد طریقہ کار جاری کرے گا۔ فافن کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ملک میں دوردراز علاقوں کی عوام کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا حق دیا جاسکتا ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں پر خواتین صرف27 فیصد اضلاع کی نمائندگی کرتی ہیں، خواتین کیلئے مختص نشستوں کے صوبائی کوٹے کی انتظامی ڈویژنوں کے درمیان تقسیم سے مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1038073

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038073/سیاسی-جماعتیں-انتخابی-عمل-کے-قانونی-فریم-ورک-کی-کمزوریوں-کو-دور-کرنے-کیلئے-فوری-مذاکرات-کریں-فافن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org