QR CodeQR Code

ووٹ کی طاقت سے عمران خان کو پاکستان کی سیاست سے باہر کرینگے

عمران خان ایسے بیانات نہ دیں، جو انکی زندگی کیلئے خطرہ بن جائیں، رانا ثناء اللّٰہ

اسی ماہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ ہو جائیگا اور ڈالر زمین پر گرے گا

27 Jan 2023 23:39

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو خبردار کرتا ہوں کہ آپکے خلاف کچھ دشمن قوتیں ہوسکتی ہیں، جو سمجھیں گی کہ اس نے اپنے قتل کی ایف آئی آر پہلے ہی کٹوا دی ہے، الزام کسی اور پر آئے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹا انسان ہے، جو ہمیشہ الزام تراشی کرتا ہے، وہ دراصل اپنے مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسے بیانات نہ دیں، جو آپ کی زندگی کے لیے خطرہ بن جائیں۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پہلے اس نے کہا کہ چار لوگوں نے میرے قتل کی سازش تیار کی اور نام نہیں بتائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد عمران خان نے 3 نام بتائے، جس میں فوج کے سینیئر افسر کے ساتھ میرا اور شہباز شریف کا نام تھا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اب وہ کہہ رہا ہے، آصف زرداری صاحب اسے قتل کرانے کی سازش کر رہے ہیں، دراصل عمران خان مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو خبردار کرتا ہوں کہ آپ کے خلاف کچھ دشمن قوتیں ہوسکتی ہیں، جو سمجھیں گی کہ اس نے اپنے قتل کی ایف آئی آر پہلے ہی کٹوا دی ہے، الزام کسی اور پر آئے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ایسے بیانات نہ دیں، جو آپ کی زندگی کے لیے خطرہ بن جائیں، 26 نومبر کو بھی آپ کے لیے بڑا تھریٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان زمان پارک میں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے، اُس سے کہوں گا کہ ہوش کے ناخن لیں اور ایسا پروپیگنڈا جو آپ کے لیے خطرناک ہو، نہ کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈالر کا ریٹ اس لیے کنٹرول نہیں ہو رہا تھا کیونکہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہیں ہو پا رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اسی ماہ میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو جائے گا، جس کے بعد ڈالر زمین پر گرے گا۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جس آدمی کے پاس 10 ہزار یا 1 لاکھ روپیہ ہے، وہ سوچتا ہے کہ بس ڈالر خرید لو، اس وجہ سے ڈالر کی قلت ہوئی اور پریشر آیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کی باقاعدہ مہم چلا رہے ہیں، ہم کوشش کریں گے کہ ووٹ کی طاقت سے اسے پاکستان کی سیاست سے باہر کریں۔


خبر کا کوڈ: 1038090

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038090/عمران-خان-ایسے-بیانات-نہ-دیں-جو-انکی-زندگی-کیلئے-خطرہ-بن-جائیں-رانا-ثناء-الل-ہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org