QR CodeQR Code

قرآن کریم کی بے حرمتی پر خاموشی بڑا جرم ہے، عبدالملک الحوثی

28 Jan 2023 00:39

انصاراللہ یمن کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے صیہونی لابی کو اسلام اور مسلمانوں کا سب سے بڑ دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی پر خاموش رہنا بھی بہت بڑا جرم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق انصاراللہ یمن کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے قرآن کریم کی بے حرمتی پر خاموش رہنے کو بڑا جرم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا: "مسلمانوں کی عزت اور شرافت قرآن کریم سے مربوط ہے اور یہ بنی نوع انسان کی نجات کیلئے کتاب ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "قرآن کریم پوری بشریت کیلئے آسمانی کتاب ہے اور انسانوں کی ہدایت کیلئے ہے۔ قرآن کریم ایک عظیم کتاب اور رسول خدا ص کا بڑا معجزہ ہے۔ قرآن کریم تحریف کا شکار نہیں ہوا۔" انصاراللہ یمن کے سربراہ نے زور دیتے ہوئے کہا: "طاغوتی قوتیں قرآن کریم نازل ہونے سے ہی اس کی دشمن ہیں اور انہوں نے ہمیشہ قرآن کریم کا مقابلہ کرنے کیلئے اسے مشکوک قرار دینے کی کوشش کی ہے۔ طاغوتی قوتیں اور منافقین قرآن کریم کے مقابلے میں بے بس رہے ہیں۔ قرآن کریم کے دشمن لوگوں کو اس سے دور کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔"
 
عبدالملک الحوثی نے کہا: "قرآن کریم بشریت کی ہدایت کرتی ہے اور یہ بات طاغوتی قوتوں کو ناگوار گزرتی ہے لہذا وہ قرآن کریم کے کردار کے مخالف ہیں۔ قرآن کریم عالم بشریت پر طاغوت اور منافقین کے تسلط میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "عالمی استکبار کا اہم ترین مقصد انسانوں کو غلام بنا کر انہیں اپنے مفادات کیلئے استعمال کرنا ہے۔ قرآن کریم سے تمسک کرنے والے طاغوتی طاقتوں کی قید سے آزاد ہو جاتے ہیں۔ طاغوتی قوتیں اس لئے قرآن کریم کی دشمن ہیں کیونکہ یہ کتاب انسانوں کو آزادی اور نجات دیتی ہے۔" انصاراللہ یمن کے سربراہ نے قرآن کریم کی بے حرمتی میں صیہونی لابی کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: "صیہونی لابی اور یہودی اسلام، قرآن کریم اور مسلمانوں کے خلاف دنیا میں سب سے زیادہ سرگرم ہیں۔ صیہونی لابی امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک میں سرگرم ہے۔ گذشتہ چند سالوں میں قرآن کریم کو نذر آتش کئے جانے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سب سے بڑا دشمنانہ اقدام ہے۔"


خبر کا کوڈ: 1038092

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038092/قرآن-کریم-کی-بے-حرمتی-پر-خاموشی-بڑا-جرم-ہے-عبدالملک-الحوثی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org