0
Saturday 28 Jan 2023 14:39

جو آئین سے رُوگردانی کرے گا، غداری کا مرتکب ہوگا، عمر سرفراز چیمہ

جو آئین سے رُوگردانی کرے گا، غداری کا مرتکب ہوگا، عمر سرفراز چیمہ
اسلام ٹائمز۔ سابق گورنر پنجاب اور تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ وفاقی حکومت مخالفین کیخلاف ریاستی مشینری استعمال کرکے انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے ماضی کی غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا، فواد چودھری پر جھوٹا بغاوت کا کیس بنایا گیا، معزز عدالت کے جج کے احکامات کو ہوا میں اُڑا دیا گیا، یہ ڈاکوؤں کا جتھہ اس طرح کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ خانہ جنگی شروع ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئین و قانون کی دھجیاں اُڑا رہے ہیں، اسحاق ڈار نے معیشت پر مناظرے کا چیلنج کیا، شوکت ترین نے مناظرے کا چیلنج قبول کیا، اب اسحاق ڈار بھاگیں نہیں، ہم منتظر ہیں کب اسحاق ڈار مناظرے کیلئے آتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن شروع کرتے ہی عمران خان کیخلاف مذہبی منافرت کی مہم چلائی گئی، نومبر میں عمران خان پر جب قاتلانہ حملہ ہوا اس سے قبل بھی مذہبی منافرت پھیلائی گئی، ادارے پہلے ہی اس بات کا خدشہ ظاہر کر رہے تھے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، اب بھی یہ رپورٹس ہیں کہ عمران خان کی جان کو خطرہ پہلے سے بھی بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  کل وفاقی وزیر داخلہ نے بھی کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، اس کے باوجود عمران خان کی سکیورٹی ختم کردی گئی، فرانزک، پولی گرافک، کرائم سینز کی رپورٹ نے پی ڈی ایم کے جھوٹے بیانیے کو ختم کر دیا۔
 
عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ 3 سال سے ملک سے بھاگے شخص کی بیٹی کو ملک واپسی پر سرکاری پروٹوکول دیا جا رہا ہے، مفرور کی بیٹی کو سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، نگران حکومت میں تبادلوں پر پابندی ہے، لیکن درجنوں کے حساب سے تبادلے کیے جا رہے ہیں، پی ڈی ایم حکومت الیکشن کمیشن کو انتخابات روکنے پر مجبور کر رہی ہے، آئین الیکشن کمیشن کو پابند کرتا ہے کہ 90 دن میں انتخابات کروائیں، جو بھی آئین سے روگردانی کرے گا وہ غداری کا مرتکب ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1038194
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش