0
Saturday 28 Jan 2023 17:13

بلوچستان میں پہلے نمائندے بکتے تھے اس بار پوری حکومت بکی ہے، مالک بلوچ

بلوچستان میں پہلے نمائندے بکتے تھے اس بار پوری حکومت بکی ہے، مالک بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان بارڈر پر ہونے والی تجارتی سرگرمیاں ٹوکن نظام اور انتظامی بدنظمی کی وجہ سے متاثر ہیں۔ سرکاری اراضیات صوبائی وزرا اور ان کے نمائندوں نے جعل سازی سے اپنے نام کر دیئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارٹی کیچ کی جانب سے تربت میں احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے نمائندے بکتے تھے، اس بار پوری حکومت بکی ہے۔ سیاسی انجینئرنگ سے قائم حکومت میں چپراسی کی پوسٹ سے لیکر ہر شے برائے فروخت ہے۔ بلوچستان میں مداخلت اور ٹھپہ سیاست کی وجہ سے حالات دن بدن خراب ہوتے جارہے ہیں۔ 2018 کے انتخابات کے نتیجے میں قائم حکومتوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ موجودہ حکومت بھی گزشتہ کی طرح آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہا کہ موجودہ حکومت گزشتہ کا تسلسل ہے۔

حکومت میں شامل بعض پارٹیاں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے حصے تھے، لیکن نیشنل پارٹی اس حکومت کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختر جان مینگل، ایم کیو ایم اور بی اے پی گزشتہ پی ٹی آئی حکومت میں بھی تھے، اس میں بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھ نکات اور لاپتہ افراد کے نام پر مفاد پرست قبائلی، قوم پرست ٹولے نے عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ فراڈ کیا اور ان کے چیرے اب بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی شعوری سیاست میں مفاد پرست روایتی لیڈرشپ کی گنجائش اب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکران بارڈر پر کام کرنے والوں کے ساتھ ناانصافی ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ سیاسی تحریک کے دوران جن جن لوگوں کی گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہیں۔ انہیں فوری طور پر انتظامیہ بحال کریں۔ سیاسی کارکنوں کے وارنٹ ختم کرے اور چھاپوں کا سلسلہ جو سابق وزراء کے کہنے پر کیا جا رہا ہے، بند کیا جائے۔ جلسہ عام سے نیشنل پارٹی کے رہنماء جسٹس ریٹائرڈ شکیل احمد بلوچ، واجہ ابوالحسن بلوچ، بوھیر صالح، مشکور بلوچ، نثار بزنجو، فضل کریم اور طارق بابل نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 1038223
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش