QR CodeQR Code

پارٹی پہاڑ کی طرح ہے جو اس سے گرے گا وہ فقط ایک پتھر ہے، مریم نواز کا لاہور واپسی پر خطاب

28 Jan 2023 19:18

وطن واپسی پر استقبالیہ کیمپس لاہور سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں، الیکشن میں مسلم لیگ نون بھاری اکثریت سے جیتے گی۔


اسلام ٹائمز۔ چیف آرگنائزر و صدر مسلم لیگ نون مریم نواز کا کہنا ہے کہ ترقی کرتا ہوا پاکستان واپس آئےگا، نون لیگ نے ہمیشہ پاکستان کو مشکلات سے نکالا ہے، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے آپ سے انتقام نہیں لیا، نواز شریف کیخلاف سازش کرنے والے کردار سب سامنے آرہے ہیں، 8 ماہ کا حساب بعد میں ہوگا، پہلے چار سال کا حساب دینا ہوگا۔ وطن واپسی پر استقبالیہ کیمپس لاہور سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں، الیکشن میں مسلم لیگ نون بھاری اکثریت سے جیتے گی، نواز شریف کو احساس ہےکہ ملک میں مہنگائی ہے، مجھے احساس ہے ملک میں مہنگائی ہے۔

 
نواز شریف کے وطن واپسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف وطن واپسی کیلئے تیاری کر رہے ہیں، بہت جلد نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے، نواز شریف بہت جلد آپ کے درمیان ہوں گے، نواز شریف اس بار پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ واپس آئیں گے، جب تک قوم کی تقدیر نہیں بدل دیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی پارٹی اور نواز شریف سے وابستگی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا، مفتاح اسماعیل سے متعلق گفتگو نہیں کرنا چاہوں گی، پارٹی کیلئے قربانیاں بھی دینی پڑتی ہیں، مریم نواز شاہد خاقان عباسی کا نواز شریف اور پارٹی سے 3 دہائیوں کا ساتھ ہے، پارٹی میں اختلافات چلتے رہتے ہیں، شاہد خاقان نے کہا کہ میں پارٹی نہیں چھوڑ سکتا، جاوں گا تو گھر جاوں گا۔
 
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو نئی سمت دیں گے اور نوجوانوں کو آگے لائیں گے، عمران خان اور حواریوں کے ساتھ جو ہوگا وہ مکافات عمل ہوگا، پیر سے رمضان تک مکمل پلاننگ کےساتھ شیڈول لیکر آئی ہوں، 4 ماہ والد کے ساتھ سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے کا موقع ملا، ساڑھے تین ماہ بعد وطن واپس آئی ہوں، ماضی کی طرف دیکھتی ہوں تو خوف آتا ہے کہ کس انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے اہم ذمہ داریاں دی ہیں، مسلم لیگ نون کو مضبوط کرنا چاہتی ہوں، نوجوانوں کو ن لیگ میں لانا چاہتی ہوں، عمران خان نے سیاسی مخالفین کیساتھ جو کچھ کیا اس کی سزا قانون فطرت سے ملے گی، پارٹی پہاڑ کی طرح ہے، جو اس سے گرے گا وہ پتھر سے زیادہ نہیں ہوگا، میں کسی کی سزا پر خوش نہیں ہوں۔


خبر کا کوڈ: 1038235

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038235/پارٹی-پہاڑ-کی-طرح-ہے-جو-اس-سے-گرے-گا-وہ-فقط-ایک-پتھر-مریم-نواز-کا-لاہور-واپسی-پر-خطاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org