0
Saturday 28 Jan 2023 21:18

خطہ غیر معمولی کشیدگی کی طرف بڑھ رہا ہے، اسمعٰیل ھانیہ

خطہ غیر معمولی کشیدگی کی طرف بڑھ رہا ہے، اسمعٰیل ھانیہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ھانیہ نے کہا ہے کہ خطہ غیر معمولی کشیدگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں ہمارے قیدیوں کے مسائل ختم ہو کر رہیں گے، کیونکہ فلسطینی قوم اپنے اسیران کو صیہونی رژیم کے خلاف جنگ میں تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ اسماعیل ھانیہ نے صیہونی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کو دبائے جانے پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ نئے صیہونی وزیر داخلہ "ایتمار بن گویر" کے حکم پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز صیہونیوں نے "النقب" جیل کی بیرک 8 پر حملہ کیا اور جنین سے تعلق رکھنے والے بعض قیدیوں کو وہاں سے لے گئے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوجیوں نے "مجدو" جیل میں قید 18 قیدیوں کو "عوقر" جیل کے خلوت خانے میں منتقل کر دیا۔ فلسطینی قیدیوں کو دبانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ حماس کے رہنماء نے کہا کہ قیدیوں کو دبانے کی کارروائیاں نیتن یاہو کی کابینہ کے دہشت گردانہ منصوبے کا حصہ ہے، جس کی سربراہی بن گویر کر رہا ہے۔

اسمعٰیل ھانیہ نے طنزیہ طور پر اس صیہونی فوجی کا بھی شکریہ ادا کیا، جس نے گذشتہ دنوں "شعفاط" میں فلسطینی بچے "محمد علی" کو شہید کیا۔ انہوں نے اس امر کی جانب اشارہ کیا کہ خطہ غیر معمولی کشیدگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اسرائیلی جیلوں میں ہمارے قیدیوں پر صعوبتیں ختم ہو کر رہیں گی، کیونکہ فلسطینی قوم اپنے اسیران کو صیہونی رژیم کے خلاف جنگ میں تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ لہذا تمام عالمی رہنماؤں کو بن گویر اور نیتن یاہو کی فاشسٹ کابینہ کے جرائم کو روکنے کے لیے کام کرنا چاہیئے۔ حماس کے رہنماء نے کہا کہ دنیا کو ایک حقیقی امتحان کا سامنا ہے۔ یاد رہے کہ جمعہ کی شام صہیونی ذرائع نے مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ کی خبر دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ اس کارروائی کو انجام دینے والے فدائی "خیری علقم" کو صہیونی پولیس نے تعاقب کے بعد شہید کر دیا۔ یہ کارروائی صیہونی فوجیوں کی جانب سے جمعرات کے روز مغربی کنارے میں واقع جنین کیمپ پر حملے کے نتیجے میں 9 فلسطینیوں کو شہید اور 20 کے زخمی ہونے کے بعد انجام دی گئی۔
 
گذشتہ رات کی کارروائی کے علاوہ، آج صبح مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں واقع "سلوان" میں فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا۔ جس میں ایک فلسطینی کی فائرنک کے نتیجے میں دو صیہونی زخمی ہوگئے۔ صیہونی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک صہیونی فوج کے پیرا ٹروپرز بریگیڈ کا افسر بھی شامل ہے، جو چھٹیوں پر گھر آیا ہوا تھا۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے، جسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں شفٹ کیا گیا ہے۔ صیہونی رپورٹر "باراک راوید" نے اس فداکارانہ حملے کو انجام دینے والے فلسطینی کی شہادت کی خبر دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فدائی حملہ ایک 13 سالہ فلسطینی نوجوان نے انجام دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1038249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش