1
0
Saturday 28 Jan 2023 22:00

ہمارے کسی رہنماء یا کارکن کی گرفتاری کا عمل حکومت کو مہنگا پڑیگا، ایم ڈبلیو ایم

ہمارے کسی رہنماء یا کارکن کی گرفتاری کا عمل حکومت کو مہنگا پڑیگا، ایم ڈبلیو ایم
 اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت اپنے کرتوتوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کے قائدین کی گرفتاری کی خبریں گردش کر رہی ہیں، لیکن ہم حکومت پر یہ بات واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ وہ کسی قسم کی غلط فہمی میں مبتلا نہ رہے اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کسی رہنماء یا کارکن کی گرفتاری کے لئے قدم اٹھایا تو یہ عمل انہیں مہنگا پڑے گا اور یہ ان کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عمران خان کے ساتھ اتحاد اصولوں کی بنیاد پر ہے اور ان کی پاسداری کرنا ہمیں بہت اچھی طرح آتا ہے، وطن کی داخلی خود مختاری، آزاد خارجہ پالیسی، ملکی فیصلوں کو باہر کی بجائے اسلام آباد میں ہونا اور عوامی استحصال کا خاتمہ ہمارے منشور میں شامل ہے۔ جن کی حمایت ہم دل و جان سے جاری رکھیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی مسائل کا حل آئین کی بالادستی اور قانون کی بلا تفریق عملداری میں ہی مضمر ہے۔ جب سے نااہل حکمرانوں کا ٹولہ امپورٹ کرکے عوام پر مسلط کیا گیا ہے، ملکی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ سیاسی و معاشی بحران کی وجہ سے چھ ماہ سے غیر ملکی سفارت خانے کے عملے کو تنخواہیں نہیں دی جا سکیں، پاکستانی روپے کی بے قدری حکمرانوں کا منہ چڑا رہی ہے، سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین جاڑے کی سردی میں کھلے آسمان تلے راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔ عوامی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے اور عیاشیوں میں مست نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کی بجائے فرقہ وارانہ نوعیت کے متنازعہ بل لا کر سماجی ساخت کو تہہ و بالا کرنے کی بھونڈی حرکت کی گئی ہے، بحرانوں سے نکالنے کی بجائے حکومت سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے اور آئے روز بلاجواز سیاسی جماعت کے رہنماؤں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہوئے یہ بات باور کرانا چاہتے ہیں کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، مسائل کے حل میں مسلسل ناکامی سے حکومت اپنے ہوش و حواس کھو چکی ہے، ناکام پالیسیوں کی بدولت عوام میں مقبولیت کا گراف روز بروز گراوٹ کا شکار ہے۔ ان کی یہی سیاہ کاریاں جاری رہیں تو عوام کے غیظ و غصب سے انہیں کوئی نہیں بچا سکے گا۔
خبر کا کوڈ : 1038257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

عمران حیدر
Pakistan
ہم تو یہ کہیں گے کہ پاکستان کی واحد پارٹی ایم ڈبلیو ایم ہے، جو آج تک میرٹ پہ مبنی رہی، لیکن موجودہ اور ایک قدم پیچھے سیاسی نظام کی نظر ہوچکی ہے۔۔ جس سے موجودہ حالت اپنی پہلی حالت سے بدتر ہو رہی ہے ۔۔ لہذا اس وقت کی قیادت کو چاہیئے کے آنے والے وقت میں مثبت فیصلے کریں۔
ہماری پیشکش