QR CodeQR Code

کراچی میں امریکی قونصل جنرل نے اسرائیل کیلئے لابنگ کرنے کا ٹاسک دیدیا

29 Jan 2023 12:39

گذشتہ دنوں کراچی کے رہائشی احسان صدیقی نامی شخص نے کچھ اور افراد کیساتھ امریکی قونصلیٹ میں قونصل جنرل نکول تھیریٹ کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔ صحافی کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں پاکستان میں مسئلہ فلسطین کو دبانے اور کراچی میں اسرائیل کے حق میں پروگرام مرتب کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں تعینات امریکی قونصل جنرل نکول تھیریٹ نے کراچی میں فلسطین و کشمیر مخالف سرگرمیوں کیلئے احسان صدیقی نامی ایجنٹ کو خصوصی ٹاسک دیا ہے۔ ایک معروف صحافی نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع کو بتایا ہے کہ گذشتہ دنوں کراچی کے رہائشی احسان صدیقی نامی شخص نے کچھ اور افراد کے ساتھ امریکی قونصلیٹ میں قونصل جنرل نکول تھیریٹ کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق صحافی کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں پاکستان میں مسئلہ فلسطین کو دبانے اور کراچی میں اسرائیل کے حق میں پروگرام مرتب کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔ امریکی خاتون قونصل جنرل نے ملاقات میں زور دے کر کہا ہے کہ پاکستان میں اسرائیل کیلئے لابنگ کی جائے، امریکی خاتون قونصل جنرل نے اس کام کیلئے ایک خطیر رقم کو خرچ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ احسان صدیقی نامی کراچی کا شہری ماضی میں امریکی شہریت رکھنے والی پاکستانی نژاد خاتون انیلہ علی کے ساتھ اسرائیل کا دورہ کرچکا ہے اور اسرائیل کے اعلیٰ حکام سمیت اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے افسران سے بھی ملاقاتوں میں موجود رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ماضی میں امریکی سفارتکار پاکستان کے خلاف مختلف جاسوسی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں اور ماضی میں سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک بھی امریکی سفارتکاروں کی ایسی خفیہ مشقوں کے بارے میں ریکارڈ پر لا چکے ہیں۔ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ پاکستان جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، اس کے شہریوں کو اسرائیل لے جانا اور پھر پاکستانی شہریوں کو امریکی سفارتخانوں میں اسرائیل کی حمایت کا ٹاسک دینا سفارتی آداب اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل سنہ 1948ء سے فلسطین کی سرزمین مقدس پر غاصب ہے اور ہزاروں فلسطینیوں کا قاتل ہونے کے ساتھ ساتھ خطے میں دہشتگردی کو پروان چڑھانے کا منبع ہے۔ بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ نے فلسطین کی تقسیم کے منصوبوں کے بارے میں قیام پاکستان سے قبل ہی فلسطین میں صہیونی یہودی ریاست کے قیام کو مسترد کر دیا تھا اور قیام پاکستان کے بعد اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا تھا، جس پر پاکستان آج بھی قائم ہے۔


خبر کا کوڈ: 1038374

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038374/کراچی-میں-امریکی-قونصل-جنرل-نے-اسرائیل-کیلئے-لابنگ-کرنے-کا-ٹاسک-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org