QR CodeQR Code

زرداری نواز گٹھ جوڑ کا چہرہ بے نقاب ہو کر پوری قوم کے سامنے عیاں ہو گیا، جمشید دستی

30 Jan 2023 10:08

سابق رکن قومی اسمبلی کا ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ گزشتہ 75 سالوں سے جس طرح ایوانوں میں بیٹھے منتخب کرپٹ عوامی نمائندوں نے کرپشن ولوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھا، اس کا اپنی قیمتی ووٹ کی پرچی سے سنجیدگی سے احتساب کرنا ہوگا تب ہی ہم بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید احمد دستی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے دعویداروں نے آئی ایم ایف کے ایما پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرکے غریب قوم  کے منہ سے ایک وقت کی روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے، آئندہ دو روز میں پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مزید شنید سنائی دے رہی ہے، جس کی وجہ سے معاشی بدحالی کا شکار عوام مزید بدحال ہوجائے گی، ڈیزل کی قیمت میں بھی اضافے کی وجہ سے غریب کاشت کار کیسے فصلیں کاشت کرسکے گا، اگر یہی حالات رہے تو خدانخواستہ ملک میں غذائی بحران کا خدشہ ہے۔ زرداری نواز گٹھ جوڑ کا چہرہ بے نقاب ہو کر پوری قوم کے سامنے عیاں ہو گیا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے بیان ایوان مفلوج سیاسی نظام ملکی مسائل حل کرنے میں ناکام کے بعد موجودہ حکمرانوں کو فی الفور مستعفی ہو کر نئے انتخابات کرانے چاہیے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی بدحالی کے ہاتھوں تنگ غریب شہری خودکشیوں اور خودسوزیوں پر مجبور ہو رہے ہیں، لیکن افسوس کہ ایوانوں میں بیٹھے مقتدر طبقہ کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے، ملک و قوم کی بقا کے لئے ملک کی بائیس کروڑ سے زائد غریب عوام کو اب جاگنا ہوگا اور مڈل کلاس طبقہ سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت پڑھے لکھے لوگوں کو ایوانوں میں بھیجنا ہوگا تاکہ ملک وقوم ترقی و خوشحالی کی راہ پر حقیقی معنوں میں گامزن ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں سے جس طرح ایوانوں میں بیٹھے منتخب کرپٹ عوامی نمائندوں نے کرپشن ولوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھا اس کا اپنی قیمتی ووٹ کی پرچی سے سنجیدگی سے احتساب کرنا ہوگا تب ہی ہم بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1038514

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038514/زرداری-نواز-گٹھ-جوڑ-کا-چہرہ-بے-نقاب-ہو-کر-پوری-قوم-کے-سامنے-عیاں-گیا-جمشید-دستی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org