QR CodeQR Code

پشاور، پولیس لائنز کی مسجد میں مبینہ خودکش دھماکہ، 28 افراد شہید، 100 سے زائد زخمی

30 Jan 2023 14:51

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور تھانے کے مرکزی دروازے سے داخل ہو کر تین سے چار حفاظتی لائن عبور کرکے مسجد تک پہنچا، دھماکے کے بعد تھانہ پولیس لائن کے مرکزی دروازے کو بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا کیا جا رہا ہے، دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں مبینہ خودکش دھماکہ، 28 افراد شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکہ ہوا ہے، جس کے باعث 15 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسجد میں لوگ نماز ظہر ادا کر رہے تھے کہ اچانک دھماکہ ہوگیا، دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی، جس سے مسجد کی چھت منہدم اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے سے مسجد کا ایک حصہ بھی شہید ہوگیا ہے۔ چھت گرنے کے باعث ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور تھانے کے مرکزی دروازے سے داخل ہو کر تین سے چار حفاظتی لائن عبور کرکے مسجد تک پہنچا، دھماکے کے بعد تھانہ پولیس لائن کے مرکزی دروازے کو بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا کیا جا رہا ہے، دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں خودکش دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے 28 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں باجماعت نمازِ ظہر ادا کی جا رہی تھی، جس کے دوران پہلی صف میں موجود خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ خودکش دھماکے سے پولیس لائن کی مسجد کی چھت منہدم ہوگئی، جس کے ملبے تلے متعدد افراد ابھی بھی دبے ہوئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ریسکیو اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جو زخمیوں کو مسجد سے نکال رہے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق خودکش دھماکے کے 18 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ نے شہریوں سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں ایس پی نور زمان زخمی ہوئے ہیں، جنہیں سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1038574

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038574/پشاور-پولیس-لائنز-کی-مسجد-میں-مبینہ-خودکش-دھماکہ-28-افراد-شہید-100-سے-زائد-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org