QR CodeQR Code

قوم کو بتایا جائے کہ دہشتگرد کس نے پالے انہیں ٹریننگ کس نے دی

ہمیں اس نظام کو ڈھانا ہوگا، اس وطن کو بچانے کا کوئی اور راستہ نہیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

30 Jan 2023 23:36

شہدائے شکارپور کی برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ شہداء کے وارث کا مطلب ہے کہ ہم شجاع ہوں، عقل مند اور سمجھدار ہوں، اچھی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں حاضر ہوں، حق کے ساتھ اور باطل کے مقابلے میں کھڑے ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ وارثان شہداء کمیٹی شکارپور کے زیر اہتمام شہدائے شکارپور کی آٹھویں برسی کا عظیم الشان اجتماع لکھی در چوک شکارپور میں منعقد ہوا۔ اجتماع سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، صوبائی صدر علامہ سید باقر عباس زیدی، مرکزی سیکرٹری تنظیم و شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی، آئی ایس او کے مرکزی صدر حسن عارف، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر مصور مہدی، ذاکر اہل بیت سید توقیر عباس شاہ و دیگر نے خطاب کیا۔ شہدائے شکارپور کی برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شہداء کے وارث کا مطلب ہے کہ ہم شجاع ہوں، عقل مند اور سمجھدار ہوں، اچھی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں حاضر ہوں، حق کے ساتھ اور باطل کے مقابلے میں کھڑے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب دشمن پاکستان پر حملہ آور ہے، دشمن اسلامی ممالک کی تقسیم چاہتے ہیں، کویت جیسے چھوٹے چھوٹے ممالک بنانا چاہتے ہیں، ایسے کمزور ممالک جو امریکہ کے غلام رہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ پاکستان میں یہ بزدل حکمران زبردستی عوام پر مسلط کئے گئے ہیں، عوام سے مینڈیٹ نہیں لیتے ہیں، یہ حکمران اس قوم میں اجنبی ہیں ان کے پاس قوم کا مینڈیٹ نہیں ہے، یہ غاصب ہیں امریکی آشیرباد سے آئے ہیں، مہنگائی کا بم عوام پر گرتا ہے، دہشت گردی کا شکار ہم ہوتے ہیں، یہ قاتل اور ظالم حکمران ہم پر مسلط ہیں، ہمیں اس نظام کو ڈھانا ہوگا اور اس وطن کو بچانے کا کوئی راستہ نہیں ہے، یہ کرپٹ سسٹم ہے اسے بدلنا ہوگا، یہ عوام سے کیوں ڈر رہے ہیں، دنیا میں جہاں بھی بحران آتے ہیں الیکشن کے ذریعے سے عوام سے مینڈیٹ لیا جاتا ہے مگر یہ حکمران الیکشن سے خوفزدہ ہیں، پشاور بم دھماکہ قابل مذمت ہے، قوم کو بتایا جائے کہ دہشت گرد کس نے پالے انہیں ٹریننگ کس نے دی۔


خبر کا کوڈ: 1038661

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038661/ہمیں-اس-نظام-کو-ڈھانا-ہوگا-وطن-بچانے-کا-کوئی-اور-راستہ-نہیں-علامہ-راجہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org