QR CodeQR Code

لاطینی امریکہ ایرانی توجہ کا مرکز ہے، حسين امیر عبداللہیان

2 Feb 2023 10:07

دورہ ماناگوا کے دوران نکاراگوا کے اپنے ہم منصب کیساتھ ملاقات میں ایرانی وزير خارجہ نے تاکید کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی متوازن خارجہ پالیسی میں لاطینی امریکہ اور اس خطے میں ہمارے دوستوں و اتحادیوں کو ایک خاص مقام حاصل ہے


اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ماناگوا کے اپنے دورے کے دوران نکاراگوا کے وزیر خارجہ ڈینس مونکاڈا کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی استقبالیہ تقریب سے نکاراگوا کے اپنے ہم منصب کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے حسین امیر عبداللہیان نے تاکید کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی متوازن خارجہ پالیسی میں لاطینی امریکہ اور اس خطے میں ہمارے دوستوں و اتحادیوں کا ایک خاص مقام ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات میں تیزی کے ساتھ وسعت پیدا ہو رہی ہے، ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ایران و نکاراگوا کے درمیان آخری کچھ ماہ کے دوران سائنس و ٹیکنالوجی، توانائی، صحت عامہ، ویکسین اور دوسرے میدانوں میں جاری باہمی تعاون میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہمارا نکاراگوا کے وزیر خارجہ ڈینس مونکاڈا کے ساتھ اس بات پر مکمل اتفاق نظر ہے کہ دونوں ممالک کا مشترکہ اقتصادی کمیشن دونوں دارالحکومتوں میں منظم طور پر منعقد کیا جانا چاہیئے جبکہ دونوں ممالک کے سفراء و سفارتخانے، باہمی تعلقات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

اس موقع پر حسین امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ایران و نکاراگوا کا نہ صرف عالمی امور میں موقف ایک جیسا ہے بلکہ عالمی فورموں پر ایک دوسرے کی حمایت بھی اعلی سطح پر جاری ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سیاسی خودمختاری کے حامل دونوں ممالک موجودہ عالمی نظام میں کثیر الجہتی کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں، کہا کہ پابندیاں ایک دہشتگردانہ ہتھکنڈا ہے کہ جس کے ذریعے مذموم سامراج نے آزاد و خود مختار ممالک کو اپنا نشانہ بنا رکھا ہے۔ اپنے خطاب کے آخر میں ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں تہران کے اندر ایران و نکاراگوا کے درمیان لمبے عرصے کے باہمی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں جبکہ آج کی شب؛ ایران و نکاراگوا کے درمیان باہمی تعاون کے میکانزم اور دونوں ممالک کی وزارت ہائے خارجہ کے درمیان سیاسی صلاح مشوروں پر مبنی مفاہمت پر دستخط کئے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1039084

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039084/لاطینی-امریکہ-ایرانی-توجہ-کا-مرکز-ہے-حسين-امیر-عبداللہیان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org