0
Thursday 2 Feb 2023 23:50

ایف بی آر کا عوام کے ٹیکسز سے اپنے افسران کو بھاری مراعات دینے کا فیصلہ

ایف بی آر کا عوام کے ٹیکسز سے اپنے افسران کو بھاری مراعات دینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے  ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے پوائنٹ آف سیل فیس سے حاصل ہونیوالے ریونیو سے اپنے افسران کو بھاری الاؤنسز و مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پوائنٹ آف سیلز فیس کی مد میں اکٹھا ہونے والے ریونیو سے ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کیلئے آئی ای آر ایس کامن پول فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فنڈ کو 25 ہزار سے 35 ہزار روپے ماہانہ ہاؤس رینٹ سبسڈی،افسران کیلئے ان لینڈ ریونیو میس قائم ہوگا جس کیلئے ایک بار 30 لاکھ روپے تک کے آلات و سامان خریدے جاسکیں گے، جبکہ تین لاکھ روپے ماہانہ تک کا کرایہ،ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ تک یوٹیلٹی بلز کی مد میں اور ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ تک پرائیوٹ طور پر بھرتی کئے جانیوالے اسٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلئے فراہم کئے جائیں گے۔ دوران سروس شہید ہونیوالے ان لینڈ ریونیو کے اہلکاروں و افسران کے ورثاء کو پندرہ لاکھ روپے سے 75 لاکھ روپے تک کا امدادی پیکج دیا جائے گا۔

دستیاب دستاویز فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم مارچ 2023 سے ہوگا۔ ان رولز کے تحت آئی آر ایس کامن پُول فنڈ رولز 2.023 جاری کئے گئے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ پی او ایس فیس، سروس چارجز، گرانٹس، منافع کے فنڈز ذاتی فلاح پر خرچ ہوں گے۔ ہیڈ کوارٹر سپورٹ کے نام پر ماہانہ 40 ہزار روپے تک الاوٴنس ملے گاعارضی رہائش کیلئے 30 لاکھ تک کا سامان خریدنے کی اجازت ہوگی، سینئر افسران کو رہائش گاہ کا ماہانہ 3 لاکھ تک کرایہ بھی دیا جائے گا۔ ہاوٴس رینٹ سبسڈی، فیول سبسڈی، بچوں کی تعلیم کیلئے اسکالر شپ بھی ملے گا ۔ رولز کے مطابق کامن پول میں جمع ہونے والے ریونیو کا 90 فیصد خرچ کیا جاسکے گا۔ رولز میں بتایا گیا ہے کہ ان لینڈ ریونیو ریوارڈ رولز 2021 کے تحت تقسیم ہونے والے انعامات و ریوراڈ سے بھی شیئر اس پول میں جمع کروایا جائے گا۔ اسی طرح ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کی جانب سے منظور ہونے کے بعد موصول ہونے والی گرانٹ بھی اس کامن پول میں جمع ہوا کرے گی۔

لینڈ ریونیو کامن پول فنڈ سے کی جانیوالی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والا منافع بھی اسی پول میں جمع ہوگا۔ اس کے علاوہ بھی مختلف ان لینڈ ریونیو سروس چارجز اور فیسوں کی مد میں حاصل ہونے والا ریونیو بھی اسی کامن پول میں جمع ہوگا۔ دستاویز کے مطاباق ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں آئی آر ایس کامن پول فنڈ سیکرٹریٹ اور بورڈ قائم ہوگا۔ آئی آر ایس کامن پول فنڈ بورڈ کا سربراہ و چیئرمین ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن ہوگا جبکہ دیگر بورڈ ممبران میں ممبر اکاؤنٹنگ اینڈ آڈٹ،چیف ان لینڈ ریونیو آپریشن،چیف مینجمنٹ ہیومن ریسورس مینجمنٹ آئی آر اور ان لینڈ ریونیو سروس سے کوئی ایک گریڈ بیس کا افسر شامل ہوگا اور یہی افسر بورڈ کے سیکرٹری کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے گا اور یہ بورڈ مجموعی طور پر آئی آر ایس کامن پول فنڈ کی گورننگ باڈی کے طور پر کام کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 1039225
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش