امت واحدہ پاکستان کی انسجام امت کیلئے شاندار کاوش
اہلسنت علمائے کرام و مشائخ عظام کا دورہ ایران (1)
3 Feb 2023 09:07
علامہ محمد امین شہیدی کی سربراہی میں پاکستان بھر میں ہزاروں کی تعداد میں مشائخ عظام اور علمائے کرام ملت پاکستان کی خدمت میں مصروف ہیں۔ پاکستان بھر میں آل نبیؑ، اولاد علیؑ سادات عظام کا بابرکت وجود ان سرگرمیوں میں خاص مقام رکھتا ہے۔ امت واحدہ پاکستان کے زیراہتمام اہلسنت سادات علمائے و مشائخ عظام کے وفد کا علمی، ثقافتی اور سیاحتی دورہ ایران جاری ہے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور ایران دو برادر ہمسایہ ممالک ہیں۔ دونوں کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتہ موجود ہے۔ پاکستان کے ہزاروں علماء اسلامی جمہوریہ ایران میں زیرتعلیم ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کا مقدس شہر قم علمی مرکز اور اہلبیت علہیم السلام کا گھر ہے۔ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی مسلمان زیارت کے لیے ایران آتے ہیں۔ اسی طرح پاکستان سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات ایران آتی ہیں اور ایرانی وفود پاکستان جاتے ہیں۔ پاکستانی جامعات اور دینی مدارس میں ایران سے فارغ تحصیل برجستہ افراد خدمات انجام دے رہے ہیں۔ امت واحدہ پاکستان ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جو پاکستان میں مختلف مسالک کے درمیان انسجام اور وحدت کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ علامہ محمد امین شہیدی کی سربراہی میں پاکستان بھر میں ہزاروں کی تعداد میں مشائخ عظام اور علمائے کرام ملت پاکستان کی خدمت میں مصروف ہیں۔ پاکستان بھر میں آل نبیؑ، اولاد علیؑ سادات عظام کا بابرکت وجود ان سرگرمیوں میں خاص مقام رکھتا ہے۔
اہلسنت مشائخ عظام و علمائے کرام کے وفد کی ایران آمد:
امت واحدہ پاکستان کے زیراہتمام اہلسنت سادات علمائے و مشائخ عظام کے وفد کا علمی، ثقافتی اور سیاحتی دورہ ایران جاری ہے۔ وفد نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مذہبی و علمی شہر قم میں دارالحدیث علمی و ثقافتی مرکز کا مطالعاتی دورہ کیا اور قرآن و حدیث یونیورسٹی قم کے شیخ الجامعہ ڈاکٹر مسعودی نے وفد سے خصوصی گفتگو کی۔ وفد کیساتھ تعارفی نشست میں بین الاقوامی امور کے ماہر ڈاکٹر بہرامی نے اپنی خصوصی گفتگو میں کہا کہ یونیورسٹی کے قیام سے اب تک 6 ہزار طلبہ فارغ التحصیل ہوچکے ہیں، قم کے علاوہ تہران اور اصفہان میں بھی کیمپس ہیں، ہم تعلیمِ قرآنی، حدیث اور ایجوکیشن و سائنس کے شعبوں میں طلبہ کی رہنمائی کرتے ہیں، یونیورسٹی کے قیام کا مقصد حقیقی قرآنی اسلامی معاشرے کا قیام عمل میں لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دو فروی ہے، ایران میں امام خمینی کی پیرس سے آمد اور انقلاب تک یوم اللہ دہ فجر کے عنوان سے منایا جاتا ہے، تاکہ امام خمینی کی جہد مسلسل کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے۔
خبر کا کوڈ: 1039272