1
Friday 3 Feb 2023 23:16

مالیاتی لین دین کا ایرانی نظام دنیا کے 13 ملکوں میں فعال، SWIFT کی ضرورت ختم

مالیاتی لین دین کا ایرانی نظام دنیا کے 13 ملکوں میں فعال، SWIFT کی ضرورت ختم
اسلام ٹائمز۔ ایرانی بنکوں کو مالیاتی لین دین کیلئے اب عالمی بنکاری نظام (SWIFT) کی ضرورت نہیں رہی۔ روس کے تمام بنکوں کے ساتھ دنیا کے تیرہ ممالک کے سو سے زائد بنک ایران کے اپنے مالیاتی نظام SEPAM کے ساتھ منسلک ہو گئے ہیں۔ بینکنگ کے عالمی مالیاتی نظام سوفٹ سے ایران کو 2012 میں نکال لیا گیا تھا جبکہ یوکرائن جنگ کے بعد روس کو بھی اس نظام سے باہر کیا گیا۔ سوفٹ کے مقابلے میں ایران نے بنکنگ کا اپنا مالیاتی نظام تشکیل دیدیا۔ ایران کے مرکزی بنک کے ڈپٹی گورنر برائے بین الاقوامی امور محسن کریمی نے تسنیم خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس کے تمام بنک اور کئی دیگر ممالک کے 100 سے زائد بنک ایران کے مالیاتی ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم سے منسلک ہو گئے ہیں جسے SEPAM کہا جاتا ہے۔

روسی بنکنگ سسٹم اس وقت سوفٹ کے متبادل روسی نظام SPFS سے منسلک ہونے کے ساتھ SEPAM کے ساتھ بھی منسلک ہو گئے ہیں جبکہ 13 ممالک کے 106 بنک بھی اس نظام سے منسلک ہیں۔ محسن کریمی کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ روسی نظام (ایس پی ایف ایس) ایران کے ایس ای پی اے ایم سے بھی منسلک ہے اس لیے جو بھی روسی نیٹ ورک کے ساتھ منسلک ہوگا وہ اب ایرانی بنکوں کے ساتھ جڑ جائے گا۔ یاد رہے کہ سوئفٹ ایک ایسی عالمی مالیاتی گذرگاہ ہے جہاں سے با آسانی سرحدوں کے پار رقوم کی ادائیگی ہو سکتی ہے۔ یہ سوسائٹی فار ورلڈ وائڈ انٹر بینک فنانشل ٹیلی کمیونیکیشن کا مخفف ہے۔

امریکی اور یورپی بینکوں نے سنہ 1973 میں اس کی بنیاد رکھی اور اس کا ہیڈکوارٹر بیلجیئم میں ہے۔ دنیا کے 200 ممالک کے 11 ہزار بینک اور دوسرے ادارے اس نظام کے ساتھ منسلک ہیں۔ یوکرائن جنگ کے بعد گزشتہ سال فروری میں روس کو عالمی بنکاری نظام سوفٹ سے بے دخل کیا گیا تھا۔ جس کے بعد ایران اور روس نے مالیاتی لین دین کیلئے سوفٹ کے متبادل نظام پر کام شروع کیا اور گزشتہ سال اکتوبر میں ایرانی اور روسی حکام نے مالیاتی لین دین کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1039390
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش