QR CodeQR Code

سمپوزیم میں ترکمانستان، افغانستان، ایران، آذربائیجان، روس، جرمنی، ملائیشیا اور جرمنی کے سفیر شریک

جماعت اسلامی کے زیراہتمام مسئلہ کشمیر پر سمپوزیم، اسلامی ممالک کے سفیروں کی شرکت

3 Feb 2023 23:28

سمپوزیم سے مرکزی خطاب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر بارود کا ڈھیر ہے، خطے میں اس تنازع کے باعث ایٹمی جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں، 75 سالوں سے مسئلہ کشمیر سلگ رہا ہے اور کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل اور قبرستان بن چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جمعہ کو روس، جرمنی، ملائشیا، ناروے، ترکمانستان، افغانستان، ایران، آذربائیجان اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں سے مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق جماعت اسلامی شعبہ امور خارجہ کی جانب سے منعقدہ سیمپوزیم میں گفتگو کی۔ سیمپوزیم کا انعقاد اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا تھا۔ سراج الحق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بارود کا ڈھیر ہے، خطے میں اس تنازع کے باعث ایٹمی جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔ 75 سالوں سے مسئلہ کشمیر سلگ رہا ہے اور کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل اور قبرستان بن چکا ہے، پاکستان میں تعینات سفیروں سے درخواست ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے انصاف پر مبنی حل کے لیے تعاون کریں، انسانوں کی آزادی کے لیے معاونت کرنا فرض ہے، انسانی المیہ روکنے کے لیے سفیروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرتے ہوئے بھارت پانچ دس سال کے بعد خود کشمیر میں رائے شماری کا مطالبہ کر سکتا ہے جبکہ ہمارے حکمرانوں کو اس معاملے کا ادراک بھی محسوس نہیں ہوتا۔ چالیس لاکھ سے زائد غیر مقامی افراد کو کشمیر میں بسا دیا گیا ہے، ہر دن کشمیر میں سانحہ پولیس لائن پشاور کی طرح کا واقعہ ہوتا ہے، ایک ارب سے زائد انسان اس تنازع کی وجہ سے معاشی ترقی اور خوشحالی سے محروم ہیں۔ شعبہ امور خارجہ جے آئی کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی نے مہمان سفیروں اور دیگر شخصیات کا خیرمقدم کیا۔

 تقریب سے سابق پولیس آفیسر ذوالفقار چیمہ، جنرل (ر) ہمایوں عزیز، مشعال ملک، تحریک حریت جموں کشمیر کے کنوینئیر غلام محمد صفی، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینئیر محمود احمد ساغر، سابق سفیر ابرار کے علاوہ دیگر شخصیات نے بھی گفتگو کی۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر میاں محمد اسلم، ضلعی امیر نصر اللہ رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا سلگتا مسئلہ خطے کے  امن کے لیے مسلسل خطرہ ہے۔ اس کی تاریخی بھی اور نئی حیثیت بھی ہے، ہر روز مقبوضہ کشمیر میں قیامت برپا ہوتی ہے، ہر روز ماتم ہوتا ہے روزانہ تین کشمیری ظلم و جبر کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر بارود کا ڈھیر اور چار ایٹمی طاقتوں روس، چین، پاکستان، بھارت کے درمیان ایسا علاقہ ہے جہاں سات لاکھ سے زائد بھارتی فوج تعینات ہے۔ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے، سب سے بڑا قبرستان بن چکا ہے۔ ایک نہیں مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نیلسن منڈیلا ہیں، ان میں یاسین ملک، شبیر شاہ پابند سلاسل کئے گئے دیگر رہنما اور جوان شامل ہیں۔ ہم چاہتے ہیں مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1039394

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039394/جماعت-اسلامی-کے-زیراہتمام-مسئلہ-کشمیر-پر-سمپوزیم-ممالک-سفیروں-کی-شرکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org