QR CodeQR Code

بھارت اب بھی سیکولر ہے کیونکہ ہندو اکثریت میں ہیں، یوگی آدتیہ ناتھ

4 Feb 2023 19:49

اترپردیش کے وزیراعلٰی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان کے اندر کیا ہورہا ہے، افغانستان کے اندر کیا ہو رہا ہے، دنیا کے دوسرے ممالک میں کسی اور مذہب کیساتھ کیا ہورہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اترپردیش کے وزیراعلٰی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک بار پھر بھارت میں ہندوؤں اور اقلیتوں کی حالت پر بات کی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ دنیا میں اگر کوئی ملک ہے جہاں اقلیتیں سب سے زیادہ محفوظ ہیں تو وہ ہندوستان ہے۔ انہوں نے ایک نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان آج کی تاریخ میں سب سے زیادہ سیکولر ہے۔ اترپردیش کے وزیراعلٰی یوگی آدتیہ ناتھ نے ’انڈیا ٹی وی‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ’’ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیئے کہ ہندوستان آج سیکولر ہے کیونکہ یہ ہندو اکثریت میں ہے، یہاں ہر کسی کے تحفظ کی ضمانت ہے، (ہندو) واسودھیوا کٹمومبکم کے پیغام پر یقین رکھتے ہیں اور اسے اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہیں‘‘۔ انٹرویو میں یو پی کے وزیراعلٰی نے پاکستان اور افغانستان میں اقلیتوں کی حالت پر بھی بات کی۔ انہوں نے مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح بہت سے ممالک میں اقلیتی برادریوں کے مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اترپردیش کے وزیراعلٰی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان کے اندر کیا ہو رہا ہے، افغانستان کے اندر کیا ہو رہا ہے، دنیا کے دوسرے ممالک میں کسی اور مذہب کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب دنیا میں بہت سے ممالک ہیں جہاں ان کے (اقلیتی) مذہبی مقامات کو مسمار کیا جا رہا ہے تو وہاں کوئی نہیں بول رہا ہے۔ خیال رہے کہ 30 جنوری کو یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ملک میں غیر قانونی مذہب کی تبدیلیوں میں ملوث لوگ اپنے منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’بنجارہ کمبھ‘ میں حصہ لینے والے تمام لوگوں کو ’سناتن دھرم‘ کی پیروی کرنی چاہیئے اور ان لوگوں سے ہوشیار رہنا چاہیئے جو انہیں بتاتے ہیں کہ وہ اس عظیم مذہب کا حصہ نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1039514

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039514/بھارت-اب-بھی-سیکولر-ہے-کیونکہ-ہندو-اکثریت-میں-ہیں-یوگی-آدتیہ-ناتھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org