0
Saturday 4 Feb 2023 19:40

ناصر حسین شاہ کا عمران خان کو سندھ میں گرفتاری دینے کا مشورہ

ناصر حسین شاہ کا عمران خان کو سندھ میں گرفتاری دینے کا مشورہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک ضرور شروع کریں، لیکن خود سندھ میں گرفتاری دیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سمجھتا ہے کہ انسانی حقوق، عزت اور احترام صرف ان کا اور ان کے حواریوں کا حق ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محسن بیگ کو عمران خان نے نہ صرف ان کے گھر سے گرفتار کروایا، بلکہ ان کے بچوں کے سامنے اُن پر تشدد بھی کروایا، وہ کوئی نہیں بھول سکتا ہے۔ ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی جب اقتدار کے نشے میں تھے، تو ان کا اور ان کے وزراء کا لہجہ مخالفین کیلئے ہتک آمیز تھا، جو ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران جیل بھرو تحریک ضرور شروع کریں، لیکن خود سندھ میں گرفتاری دیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں جیلوں کو ہم نے اصلاح گھر قرار دیا ہے، ہم عمران اور شیخ رشید کی اصلاح کرکے انہیں واپس بھیج دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لوگ جو دیواریں پھلانگ کر بھاگتے ہیں اور ٹی وی پر آ کر روتے ہیں، کس طرح جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں گے؟ قوم بھی ذرا دیکھے۔ واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن تیاری کرلیں، سگنل دوں گا تو گرفتاریاں دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1039532
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش