QR CodeQR Code

کشمیر کے عوام پچھلے کئی عشروں سے بھارتی ظلم و جبر کے شکار ہیں، جان محمد جمالی

4 Feb 2023 22:12

اپنے بیان میں قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان نے روز اول سے کشمیر اور کشمیری قوم کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی ہے اور انکے ساتھ ہونیوالے ظلم و زیادتی کو دنیا کے ہر فورم پر اُجاگر بھی کرتا آرہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے قائمقام گورنر میر جان محمد جمالی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہہ کشمیر کے عوام پچھلے کئی عشروں سے بھارتی ظلم و جبر کے شکار ہیں۔ اس ضمن میں پاکستان نے روز اول سے کشمیر اور کشمیری قوم کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی ہے اور انکے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کو دنیا کے ہر فورم پر اُجاگر بھی کرتا آرہا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پانچ فروری کو کشمیر ڈے منانے کا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنا ہے۔ پاکستان کا شروع سے واضح موقف ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دیا جائے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔

لہٰذا عالمی رائے کو انکے حق میں استوار کرنا اشد ضروری ہے۔ قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر اسکا مکمل قبضہ اور بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A  کی منسوخی نہ صرف تمام قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی ہے، بلکہ اس سے بھارت کا اپنا غیرجمہوری چہرہ بھی دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو روکنے کیلئے ان پر مختلف قسم کے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ لیکن اسکے باوجود وہ انتہائی صبر و استقامت کے ساتھ ان تمام مظالم اور کٹھن حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی آزادی کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ میر جان محمد جمالی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری قوم اپنی جدوجہد میں مکمل طور پر کامیاب اور سرخرو ہونگے۔


خبر کا کوڈ: 1039545

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039545/کشمیر-کے-عوام-پچھلے-کئی-عشروں-سے-بھارتی-ظلم-جبر-شکار-ہیں-جان-محمد-جمالی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org