اسلام ٹائمز۔ سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر عالمی دنیا کے منصفوں سے انصاف چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر آج دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے جہاں انسانی حقوق کی پامالی روز کا معمول بن چکا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے وزیراعظم کی حیثیت سے اقوام متحدہ کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت کے ساتھ شرکت کی تھی، اب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں مودی گردی کو بے نقاب کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔ سابق صدر نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو چاہیئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی ان کا بنیادی اور جمہوری حق ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی جمہوری جدوجہد کی سیاسی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی رائے شماری کے مطالبے کی حامی ہے۔