0
Saturday 4 Feb 2023 23:19

خدا اور پیغمبرؐ پر ایمان رکھنے والوں کیلئے 13 رجب بڑی خوشی کا دن ہے، علامہ ساجد نقوی

خدا اور پیغمبرؐ پر ایمان رکھنے والوں کیلئے 13 رجب بڑی خوشی کا دن ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ خدا تعالیٰ اور پیغمبر اکرم ؐپر ایمان رکھنے والوں کے لئے 13 رجب المرجب کا دن بہت بڑی خوشی کا دن ہے کیونکہ اس دن نفس رسولؐ، امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کعبے کے اندر متولد ہوئے، رسول اکرم ؐنے خاص عنایات اور توجہ کے ساتھ خصوصی انداز میں آپ کی تربیت فرمائی اور انہیں اسلام کی حفاظت، ترویج اور نفاذ کے لئے خود تیار فرمایا، یہی وجہ ہے کہ زندگی کے مختلف شعبوں اور تمام انسانی مسائل میں امام علیؑ کی ذات مرکز اور مرجع تسلیم کی گئی اور تمام صحابہ کرامؓ نے تمام مسائل میں آپ کی طرف رجوع کیا، قرآن کی تفسیر، احادیث پیغمبر اکرمؐ، مختلف رائج ادبی و دیگر علوم، ولایت و روحانیت اور دیگر تمام میدانوں میں آپؑ کی ذات سرچشمہ فیض قرار پائی، انسانوں کے لئے آپؑ کی ذات بطور نمونہ پیش کی جاسکتی ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ انسانی اجتماعی و سیاسی مسائل میں سیاست علوی ایک ایسا باب ہے جس کے گہرے مطالعے کی ضرورت ہے، بحرانی حالات میں انہوں نے جس طرح کامیاب حکمرانی کی اور منفرد و جامع طرز جہاں بانی عطا کیا، مالک اشتر کے نام آپؑ کا وصیت نامہ ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے جس سے استفادہ کرنا چاہیئے۔ علامہ ساجد نقوی کے مطابق امیرالمومنینؑ کا عدل و انصاف کے نفاذ کا منفرد پہلو انہیں دنیا کے تمام سابقہ اور آئندہ حکمرانوں سے جدا اور منفرد کرتا ہے، عدل علیؑ آج بھی دنیا میں ایک نمونے اور ماڈل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، آپؑ نے عدل و انصاف کا معاشروں، ریاستوں، تہذیبوں، ملکوں، حکومتوں اور انسانوں کے لئے انتہائی اہم اور لازم ہونا اس تکرار سے ثابت کیا کہ عدل آپ کے وجود اور ذات کا حصہ بن گیا اور لوگ آپ کو عدل سے پہچاننے لگے۔
خبر کا کوڈ : 1039565
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش