QR CodeQR Code

استعماری طاقتیں ملک کے ہر شعبہ پر قابض ہیں، سراج الحق

4 Feb 2023 23:57

جماعت اسلامی کے امیر نے طلبہ سے گفتگو میں کہا کہ ایک طرف مہنگائی دوسری جانب بدامنی ہے، حکمران نااہل مگر ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں، بہت ظلم ہو چکا، عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا انہیں کرپٹ نظام اور اس کے محافظوں سے نجات چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم آئی ایم ایف کے وفد کے سامنے سجدہ ریز ہیں، اس سے بڑھ کر قوم کی اور کیا تضحیک ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ایف قرض نہیں عوام کو زہر دے رہا ہے، اس کی شرائط قبول نہیں، جماعت اسلامی مزاحمت کرے گی۔ 10 جنوری کو عوام کا سمندر لاہور سے اسلام آباد جائے گا، تین روزہ مہنگائی مارچ حکمرانوں اور آئی ایم ایف کے لیے پیغام ہے کہ قوم کو آپ کے بند کمروں کے فیصلے منظور نہیں۔ عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط کی مکمل تفصیل عوام کے سامنے رکھی جائے۔ ایک طرف مہنگائی دوسری جانب بدامنی ہے، حکمران نااہل مگر ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں، بہت ظلم ہو چکا، عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا انہیں کرپٹ نظام اور اس کے محافظوں سے نجات چاہیے، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی پر مشتمل ٹرائیکا ایکسپوز ہوگیا، اب کوئی ان کے گھسے پٹے بیانات اور تاویلیں سننے کو تیار نہیں۔ غریب قوم مزید قربانیاں نہیں دے سکتی اب کی بار حکمران اشرافیہ قربانی دے۔

سراج الحق نے کہا کہ استعماری طاقتیں ملک کے ہر شعبہ پر قابض ہیں، صرف پاکستان ہی نہیں پورا عالم اسلام ان کے اثر میں ہے۔ اسلامی دنیا کے عوام اپنے حکمران تک خود نہیں طے کرسکتے۔ استعماری طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں استصواب رائے کے مسئلہ پر کمال ڈھٹائی سے خاموش ہیں، انہیں وہاں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں نظر نہیں آتیں۔ ہماری معیشت اگر آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے کنٹرول میں ہے تو تجارت کے اصول ڈبلیو ٹی او طے کرتا ہے، ہمارا تعلیمی نظام اور نصاب غیرملکی این جی اوز اور صحت ڈبلیو ایچ او کے تسلط میں ہے۔ استعمار کے وفاداروں نے وسائل سے مالا مال پاکستان کو دنیا بھر میں تماشا بنا دیا، حکمرانوں نے  ایٹمی اسلامی پاکستان کے عوام کو بھکاری بنا دیا۔


خبر کا کوڈ: 1039573

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039573/استعماری-طاقتیں-ملک-کے-ہر-شعبہ-پر-قابض-ہیں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org