QR CodeQR Code

مقبوضہ فلسطین میں مسلسل چوتھے ہفتے حکومت مخالف مظاہرے جاری

5 Feb 2023 00:22

تل ابیب سمیت مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں مسلسل چوتھے ہفتے بنجمن نیتن یاہو کی سربراہی میں موجود صیہونی کابینہ کے خلاف عوامی مظاہرے جاری ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں صیہونی شرکت کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق آج ہفتہ 4 فروری 2023ء کے روز بھی تل ابیب اور حیفا میں ہزاروں کی تعداد میں صیہونیوں نے وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔ یہ مسلسل چوتھا ہفتہ ہے جس میں صیہونی آبادکار نیتن یاہو کی نئی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے میں مصروف ہیں۔ یاد رہے بنجمن نیتن یاہو نے عدلیہ میں اصلاحات پر مبنی نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں ہر ہفتے کے دن نیتن یاہو کے خلاف مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ مظاہرین نیتن یاہو حکومت کی شدت پسندانہ پالیسیوں، غیر قانونی اقدامات اور کابینہ میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے شدت پسند افراد کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ وہ لیکوڈ پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے تشکیل پانے والی حکومت کی سرنگونی تک مظاہرے جاری رکھیں گے۔

نیتن یاہو حکومت کے خلاف عوامی ردعمل میں اس وقت مزید شدت آئی جب ان کی سربراہی میں نئی کابینہ نے "عدالتی نظام میں اصلاحات" کا منصوبہ پیش کیا۔ یاد رہے بنجمن نیتن یاہو کو گذشتہ کئی سالوں سے کرپشن، رشوت اور امانت میں خیانت جیسے الزامات کا سامنا ہے اور اس بارے میں ان کے خلاف وسیع عدالتی تحقیقات جاری ہیں۔ مخالفین کا دعوی ہے کہ نیتن یاہو حکومت کی جانب سے عدالتی نظام میں اصلاحت کے منصوبے کا اصل مقصد بنجمن نیتن یاہو کے خلاف جاری عدالتی تحقیقات رکوا کر ان پر عائد الزامات ختم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت عدلیہ کمزور ہو جائے گی اور سیاسی جماعتوں کو مختلف عدالتوں میں ججز کی تقرری کا اختیار مل جائے گا۔ یوں وہ اپنی مرضی کے ججز تعینات کر کے اپنے خلاف عدالتی کاروائیوں سے بچ سکیں گے۔ دوسری طرف کابینہ کے قانونی مشیر اور دیگر وزارت خانوں کے قانونی مشیروں کے اختیارات بھی ختم کر دیے جائیں گے جس کے نتیجے میں وزراء مکمل اختیارات کے مالک بن جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1039577

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039577/مقبوضہ-فلسطین-میں-مسلسل-چوتھے-ہفتے-حکومت-مخالف-مظاہرے-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org