0
Sunday 5 Feb 2023 02:51

اقوام متحدہ کا کام فقط امریکہ و یورپ کی کارستانیوں پر پردہ ڈالنا رہ گیا ہے، کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس

اقوام متحدہ کا کام فقط امریکہ و یورپ کی کارستانیوں پر پردہ ڈالنا رہ گیا ہے، کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ قم المقدس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد، مختلف ممالک کے وفود کی شرکت، مسئلہ کشمیر کی حقیقت، اہمیت اور مظلوم کشمیریوں کی مظلومیت پر روشنی ڈالی گئی۔ تفصیلات کے مطابق  سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم اور صدائے کشمیر فورم کے زیرِ انتظام مدرسہ حجتیہ کے  شهید مطهری ؒ ہال میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے جی بی کونسل کے رکن اور ایم ڈبلیو ایم صوبہ گلگت بلتستان کے سیاسی امور کے سربراہ علامہ احمد علی نوری کے علاؤہ حجۃ الاسلام جناب آقای مصطفیٰ ملک محمدی (ایران)، حجت الاسلام و المسلمین جناب آقای شرف علی شاکری، حجۃ الاسلام جناب ڈاکٹر عبدالله بیلم(آفریقا)، حجت الاسلام و المسلمین جناب آقای علی محمد مطهری، حجت الاسلام والمسلمین جناب آقای حسن فاطمی نیز سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے سیکرٹری جنرل و صدائے کشمیر فورم کے مرکزی ترجمان حجۃ الاسلام نذرحافی نے خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض حجۃ الاسلام مختار مطہری نے انجام دیئے۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر عبداللہ بیلم نے کہا کہ اقوام متحدہ کا کام فقط امریکہ و یورپ کی کارستانیوں پر پردہ ڈالنا رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فقط مذمت کرنے سے مسائل حل نہیں ہوا کرتے۔ ساری دنیا میں ایک بیداری اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔دیگر مقررین نے اقوام متحدہ پر عوامی و انسانی دباؤ بڑھانے کی ضرورت پر دیا۔ اس موقع پر فورمز کے ترجمان نذر حافی نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کے ساتھ ہمارے اس اظہار یکجہتی کا کچھ عملی فائدہ ہو تو پھر ہمیں بھرپور طریقے سے کشمیریوں کی سفارتی و اخلاقی آواز بننا ہوگا۔ کانفرنس کے دوسرے حصے میں سپورٹ کشمیر میگزین کی رونمائی کی گئی۔ حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے مجلے کی رونمائی کرتے ہوئے جہاں مسئلہ کشمیر کی انسانی و اسلامی بنیادوں پر گفتگو کی، وہیں سپورٹ کشمیر میگزین کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

یاد رہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امور خارجہ حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی اپنی دیگر تمام تر ذمہ داریوں اور مسئولیت و مصروفیت کے باوجود مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی آواز بننے کو اپنا دینی و الہیٰ فریضہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں جہاں کشمیریوں کی غیر مشروط اخلاقی و سفارتی مدد کیلئے سب کو دعوت دی، وہیں سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم و صدائے کشمیر فورم کے زیر انتظام چلنے والے آنلائن سیشنز اور دیگر پروگرامات کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ آخر میں انہوں نے سارے عالم اسلام خصوصاً کشمیریوں کیلئے دعائے خیر بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 1039618
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش