0
Sunday 5 Feb 2023 14:00

اہلسنت علمائے کرام و مشائخ عظام پر مشتمل امت واحدہ پاکستان کے 40 رکنی وفد کی حضرت امام حسین علیہ السلام کی بارگاہ میں حاضری

اہلسنت علما کا سفر زیارت پاکستان میں امن کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا
اہلسنت علمائے کرام و مشائخ عظام پر مشتمل امت واحدہ پاکستان کے 40 رکنی وفد کی حضرت امام حسین علیہ السلام کی بارگاہ میں حاضری
اسلام ٹائمز۔ امت واحدہ پاکستان کا 40 رکنی وفد اسلامی جمہوریہ ایران میں قام المقدس سے مقامات مقدسہ کی زیارات کے لیے عراق پہنچا ہے اور کربلا معلیٰ، نجف اشرف، کاظمین، سامرہ اور بغداد میں زیارات سے مشرف ہوگا۔ نجف اشرف پہنچنے پر علامہ امین شہیدی نے وفد کا استقبال کیا۔ وفد کے ہمراہ معروف صحافی توقیر ساجد کھرل کے مطابق کربلا معلیٰ میں اہلسنت سادات عظام اور علمائے کرام کا پرجوش استقبال کیا گیا ہے اور بھرپور انداز میں پذیرائی کی گئی ہے۔

روضہ امام حسین علیہ السلام پر وفد کی حاضری:
عراق پہنچنے کے بعد وفد نے روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام پر حاضری دی۔ وفد میں شامل سادات عظام، علمائے کرام اور مشائخ عطام نے اشکبار آنکھوں کیساتھ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے حضور سلام عقیدت عرض کیا۔ وفد نے سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ اطہر کی زیارت کا شرف حاصل کیا اور ضریح مبارک کا بوسہ لینے کے بعد نماز شکرانہ ادا کی۔ زائرین سید الشہداؑ نے جگر گوشہ بتول فرزندِ رسول مظلوم ِ کربلا کے حضور گڑگڑا کر توسل کیا اور عالم اسلام اور ملکی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔ اس موقع پر امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی کا کہنا تھا کہ زیارات مقدسہ پر حاضری دینے سے مسالک کے مابین قربت و محبت مزید بڑھے گی۔ وفد میں شامل اہلسنت علمائے کرام کا کہنا تھا کہ ایران کے بعد عراق میں مقدس مقامات کی زیارات اتحاد بین المسلمین کی عمدہ مثال ہے۔

روضہ حضرت غازی عباس علمدار پر وفد کی حاضری:
بعد ازاں امت واحدہ پاکستان کے 40 رکنی وفد میں شامل اہلسنت علمائے کرام، ساداتِ عظام، محققین اور اہل قلم نے کربلائے معلیٰ میں علمدار شہیدِ کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے روضہ اطہر پر حاضری دی۔ علمائے کرام نے پُرنم آنکھوں سے بارگاہِ حضرت عباس علمدار علیہ السلام میں اظہارِ عقیدت پیش کیا۔ زائرینِ کربلا، یا کاشفَ الکَرْبِ عنْ وَجهِ الْحُسَین اِکْشِفْ کَرْبی بِحَقِّ أَخیکَ الحُسَین، کا ذکر کرتے ہوئے حضرت عباس علیہ السلام سے متوسل ہوئے۔ اس موقع پر حجة الاسلام و المسلمین علامہ محمد عباس وزیری کا کہنا تھا کہ حضرت عباس بن علی علیہم السلام کا مقام و مرتبہ بہت بلند ہے، آپ باب الحوائج ہیں، اہل اسلام اپنی حاجات کی برآوری کے لیے آپؑ سے متوسل ہوتے ہیں، امام حسینؑ کے حرم کے قریب حضرت عباسؑ کا حرم زیارتگاہوں میں سے ایک اہم زیارتگاہ ہے، زائرین آپؑ کو سقائے کربلا کے نام سے بھی یاد کرتے ہیں۔

اہل سنت سادات عظام، علما اور مشائخ کے لیے دسترِ خوان حضرت عباس علمدار پر خصوصی ضیافت کا اہتمام:
امت واحدہ پاکستان کے وفد میں شامل اہلسنت علما، مشائخ اور سادات عظام نے روضہ امام حسین علیہ السلام اور روضہ حضرت غازی عباس علیہ السلام پر حاضری دی اور اس کے بعد علمائے اہلسنت کے اعزاز میں حرمِ مولا عباس علیہ السلام کی جانب سے خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر علمائے کرام نے مولا عباس علیہ السلام سے اپنے عشق و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عتبہ عباسیہؑ کی جانب سے دستر خوان مولا عباس علیہ السلام سے پرتکلف ضیافت کسی اعزاز سے کم نہیں، ہم مولاؑ کے حضور شکرگزار ہیں کہ ہم پہ خصوصی لطف و کرم کیا۔

سیکرٹری جنرل عتبہ عباسیہ اور امیر قبیلہ بنی حسن سے امت واحدہ پاکستان کے وفد کی ملاقات:
علامہ محمد امین شہیدی کی سربراہی میں امت واحدہ پاکستان کے وفد نے دورہ عراق کے دوران پہلے روز مولا عباس علمدار علیہ السلام کے روضہ مبارک کے دفتر آستانیہ عباسیہ کے سیکرٹری جنرل مصطفیٰ ضیاء الدین سے ملاقات کی۔ حضرت ابن عباس (رض ) کے قبیلہ سے امیرِ قبیلہ بنی حسن شیخ حسین علی العباسی نے وفد سے خصوصی گفتگو کی اور پاکستان کے عوام سے خصوصی الفت کا اظہار کیا۔ آستانیہ عباسیہ کے سیکرٹری جنرل مصطفیٰ ضیاء الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاتفریق مسلک و مذہب انسانیت کی خدمت عتبہ عباسیہ کی اولین ترجیح ہے، ہم ہر سال پانچ کروڑ زائرین کا خیر مقدم کرتے ہیں، عالمی استعمار کی سازشوں کے باوجود آیت العظمی سید علی سیستانی کی رہنمائی سے شقی القلب دشمن داعش کو نیست و نابود کیا۔

انکا کہنا تھا کہ اہلِ عراق نے سخاوت، کریمی اور فیاضی کا درس امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام سے لیا ہے، داعش کی ناکام کاروائیوں کے بعد عراق میں تعمیرات کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر وفد کی جانب سے ترجمانی کرتے ہوئے مفتی محمد مظفر اقبال کا کہنا تھا کہ اہلِ عراق اور اہلِ پاکستان کا درد مشترک ہے، عالمی سامراج دشمن ایک ہے، ہم کسی بھی مشکل میں آپ کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ ملاقات کے بعد عتبہ عباسیہ کی جانب قیمتی تبرکات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر حجة الإسلام والمسلمين سماحة السيد ولید بعاج رئيس قسم البحوث و الدراسات مؤسسة الإمام الحسين عليه السلام للحوار و بناء السلام عتبة حسينية، السيد محمد تقي الحكيم مدير أمور خارجية مؤسسة الإمام الحسين عليه السلام للحوار و بناء السلام عتبة حسينية، حجة الإسلام اور والمسلمين سماحة الشيخ ساجد رضا خان نجفي مؤسس و مسؤول دورة عراق نجف أشرف اور علامہ محمد عباس وزیری بھی  ہمراہ تھے۔

اہل سنت بزرگان دین و طریقت کے وفد کی مدیر العام عتبہ حسینیہ سے خصوصی ملاقات:
کربلائے معلیٰ میں امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے اہلسنت علمائے کرام کے 40 رکنی وفد کے ہمراہ آستانیہ حسنیہ (دفتر حرمِ امام حسین عتبہ حسینیہ) کے مدیر العام (سیکرٹری جنرل) حاج حسن رشید العبائجی سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے فرمایا کہ عتبہ حسنیہ مقدسہ عراق بھر میں عوام الناس کی بلاتفریق و مسلک خدمات انجام دے رہا ہے، ہم 12 آئمہ کرام کے نام پر ہسپتال کی تعمیرات کا کام جلد مکمل کرلیں گے، انسانی بنیادوں پر آئیڈیل معاشرے کی تشکیل ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے فرمایا کہ حُب اہلبیت امت کو متحد و یکجا کرتی ہے۔

علامہ محمد امین شہیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوام کو فرقہ واریت کی طرف دھکیلنے کی مذموم کوشش کی گئیں، 27 ہزار سے زائد شیعہ اور 40 ہزار مسلمان مسالک کے افراد کو شہید کیا گیا، مگر دشمن اپنی چال میں ناکام ہوا، پاکستان کے 25 کروڑ عوام میں شیعہ سنی متحد ہیں، آج جب اہلسنت علمائے کرام روضہ امام حسین (ع) پر حاضر ہوئے تو انکی روحانی کیفیت ایسی تھی، گویا عشاق الحسینؑ نے اپنی منزل پالی، علمائے کرام کی مقدس مقامات پر حاضری و عبادت پاکستان میں امن کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 1039648
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش