QR CodeQR Code

جنرل پرویز مشرف کے انتقال پر سیاسی و عسکری قیادت کا اظہار افسوس

5 Feb 2023 13:35

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پرویز مشرف سابق صدر، سابق جوائنٹ چیفس اور آرمی چیف رہے، اللہ مرحوم جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو غریق رحمت کرے اور اللہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے پسماندگان کو صبر و ہمت دے۔


اسلام ٹائمز۔ صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ عارف علوی نے پرویز مشرف کے لیے دعائے مغفرت کی اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہبازشریف نے پرویز مشرف کی وفات پر اظہارِ تعزیت کیا اور ایک بیان میں کہا کہ مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پرویز مشرف سابق صدر، سابق جوائنٹ چیفس اور آرمی چیف رہے، اللہ مرحوم جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو غریق رحمت کرے اور اللہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے پسماندگان کو صبر و ہمت دے۔ اس کے علاوہ نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا اللہ پرویز مشرف مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے سابق صد و آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ سابق صدر و آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے انتقال پر گہرا دکھ اور رنج و غم ہے۔ انھوں نے لکھا کہ بیگم صہبا مشرف، بیٹے بلال مشرف اور بیٹی عائلہ مشرف کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان آرمی اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے تعزیتی بیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف انتقال کر گئے، وہ بہت بڑے انسان تھے۔ فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پرویز مشرف کے دوست چھوٹے ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ پاکستان فرسٹ، سابق صدر پرویز مشرف کی سوچ اور نظریہ تھا، خدا غریق رحمت کرے۔


خبر کا کوڈ: 1039661

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039661/جنرل-پرویز-مشرف-کے-انتقال-پر-سیاسی-عسکری-قیادت-کا-اظہار-افسوس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org