QR CodeQR Code

صدر کے انتخاب میں لبنان ہر گز بیرونی ڈکٹیشن برداشت نہیں کرے گا، حزب اللہ

5 Feb 2023 23:56

لبنان میں اسلامی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے مرکزی رہنما شیخ نبیل قاووق نے خبردار کیا ہے کہ نئے صدر کے انتخاب میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کا واحد راہ حل قومی مفاہمت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق لبنان میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم حزب اللہ کی مرکزی کونسل کے رکن شیخ نبیل قاووق نے کہا ہے کہ نئے صدر کے انتخاب کیلئے لبنان نے باہر سے امیدیں وابستہ نہیں کر رکھیں بلکہ اسے قومی سطح پر گفتگو اور مفاہمت کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی عوام کی مشکلات اور دکھ درد کا واحد راہ حل جلد از جلد صدر کا انتخاب ہے۔ انہوں نے ملک کی نجات اور اسے ٹوٹنے سے بچانے کیلئے صدر کا انتخاب ضروری قرار دیا ہے۔ شیخ نبیل قاووق نے کہا: "لبنان ہر گز صدر کے انتخاب میں بیرونی ڈکٹیشن برداشت نہیں کرے گا۔ 1982ء میں صدر کے انتخاب کیلئے اختیار کیا گیا لائحہ عمل اب قابل عمل نہیں ہے اور آج کسی علاقائی یا بین الاقوامی طاقت کو ملک پر صدر تھونپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔"
 
حزب اللہ لبنان کی مرکزی کونسل کے رکن شیخ نبیل قاووق نے کہا کہ صدر کے انتخاب کا واحد راستہ جلد از جلد قومی سطح پر گفتگو کا آغاز ہے تاکہ اس مسئلے میں قومی مفاہمت پیدا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاہمت کا نہ آج، نہ کل اور نہ ہی مستقبل کیلئے کوئی نعم البدل نہیں پایا جاتا۔ شیخ نبیل قاووق نے لبنان اور غاصب صیہونی رژیم کے درمیان کسی قسم کی سازباز کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا: "لبنان ہر گز صیہونی رژیم سے سازباز کرنے والے عرب ممالک کی صف میں شامل نہیں ہو گا۔ ہماری عرب قومیت فلسطین کی نمائندگی میں اصیل قومیت ہے اور ہم سازباز کرنے والی عرب قومیت نہیں رکھتے۔ لبنان کبھی بھی ان میں شامل نہیں ہو گا۔ وہ حکمران جو نیتن یاہو کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتے ہیں اپنی شرافت اور انسانیت کھو چکے ہیں اور وہ قدس شریف، فلسطین اور پوری امت مسلمہ سے غداری کر رہے ہیں۔"


خبر کا کوڈ: 1039737

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039737/صدر-کے-انتخاب-میں-لبنان-ہر-گز-بیرونی-ڈکٹیشن-برداشت-نہیں-کرے-گا-حزب-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org