QR CodeQR Code

جی بی کے انتخابات وفاق کے ساتھ کرانے کا فیصلہ پی ڈی ایم کریگی، امجد ایڈووکیٹ

6 Feb 2023 00:48

اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کو تحلیل کرنا کوئی مشکل کام نہیں، گورنر چیئرمین گلگت بلتستان کونسل کو ان کی ناقص کارکردگی پر اسمبلی تحلیل کرنے کا پرپوزل بھیج سکتا ہے اور وزیر اعظم کے ایک حکم پر اسمبلی تحلیل ہو سکتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جس دن آصف زرداری عدم اعتماد کا فیصلہ کرینگے، اسی دن ہی گلگت بلتستان میں تبدیلی نظر آئے گی۔ صوبائی حکومت کو ختم کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت کو گلگت بلتستان کے عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ سمیت وزراء زمان پارک لاہور میں عمران خان کی چوکیداری کر رہے ہیں۔ صوبے میں حالت یہ ہے کہ اسمبلی میں مکڑیوں نے جالے ڈال دئیے ہیں۔ وزیر اعلی کے دفتر پر گرد پڑی ہوئی ہے، وزراء اور سیکرٹریوں کے دفاتر پر تالے لگے ہیں، انتظامی افسران کے دفاتر بند ہیں، پورا نظام درہم برہم ہے۔ یہ نظام اس طرح نہیں چل سکتا۔ اگر حکومت کو اسلام آباد میں ہی رہنا ہے تو اسلام آباد کو جی بی کا گیارہواں ضلع بنائے اور وہاں رہے اور باقی 10 اضلاع کو اپنی حکومت بنانے کا موقع دے۔

اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی نے کہا کہ عمران خان ملک کے لئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں، اسی طرح ان کی کٹھ پتلی حکومت یہاں مسائل پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسمبلی کو تحلیل کرنا کوئی مشکل کام نہیں، گورنر چیئرمین گلگت بلتستان کونسل کو ان کی ناقص کارکردگی پر اسمبلی تحلیل کرنے کا پرپوزل بھیج سکتا ہے اور وزیر اعظم کے ایک حکم پر اسمبلی تحلیل ہو سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس دن آصف علی زرداری عدم اعتماد کا فیصلہ کریں گے اسی دن گلگت بلتستان میں تبدیلی نظر آئے گی۔ جی بی کے انتخابات وفاق کے ساتھ کروانے کا فیصلہ بھی پی ڈی ایم قیادت کرے گی۔ اگر قیادت ایسا فیصلہ کرتی ہے تو پھر جی بی کے انتخابات بھی وفاق کے ساتھ ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 1039741

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039741/جی-بی-کے-انتخابات-وفاق-ساتھ-کرانے-کا-فیصلہ-پی-ڈی-ایم-کریگی-امجد-ایڈووکیٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org