0
Monday 6 Feb 2023 01:48

بھارتی وزیر داخلہ اور رانا ثنا اللہ میں کوئی فرق نہیں، فواد چوہدری

بھارت نے کشمیر پر اور پی ڈی ایم نے پاکستان پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے
بھارتی وزیر داخلہ اور رانا ثنا اللہ میں کوئی فرق نہیں، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جب بھی عمران خان جیل بھرو تحریک کا اعلان کریں گے جہلم میں سب سے پہلی گرفتاری میں دوں گا۔ مقبوضہ کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منائے گئے دن کے موقع پر جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم بھی پاکستان چھوڑ کر باہر جاکر ڈالر کما سکتے ہیں مگر ہم پر پاکستان کی نسلوں کا قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے بچوں کے مستقبل کے خاطر جیلوں میں جانے کے لیے تو تیار ہیں، مگر ان لٹیروں کا سورج غروب ہوکر رہے گا۔ رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر ہم سوگوار ہیں کیونکہ وہ ایک بڑے آدمی تھے۔
 
انہوں نے کہا کہ 1999 میں جب پرویز مشرف نے نواز شریف کو کان سے پکڑ کر نکالا تھا تو وہ پاکستان پر احسان کیا تھا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آج جو پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے لوگ چلا رہے ہیں کہ مشرف نے آئین توڑا تھا تو میں پوچھتا ہوں کہ کیا آج ملک میں آئین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے 9 ماہ سے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے اور پاکستان کو بے آئین ملک بنادیا گیا ہے میں سمجھتا ہوں کہ مشرف نے بالکل صحیح پہچانا تھا کہ نواز شریف اور زرداری کے ہوتے ہوئے کبھی قانون پر عمل درآمد نہیں ہوسکتا اور ان کو نکالنے کے لیے ہر کام کرنا جائز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں لیکن ہم کس منہ سے یوم اظہار یکجہتی منارہے ہیں، جو پاکستان میں ہورہا ہے، کیا مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اس سے زیادہ ہورہا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جس طریقے سے بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے اسی طرح پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے بھی پاکستان پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے، جیسے کشمیریوں پر بھارت زبردستی حکومت کر رہا ہے ویسے ہی شہباز شریف پاکستانیوں پر زبردستی حکومت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ اور بھارت کے وزیر داخلہ میں کیا فرق ہے، جب یہ تحریک انصاف کے کارکنان پر آنسو گیس اور گولیاں چلانے کا فخر سے ذکر کرتا ہے تو یہی کام بھارت میں بھی ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان توڑنے کی سازش میں ملوث ہے، خیبرپختونخوا میں دھماکے کے نتیجے میں 100 سے زاید افراد شہید ہوگئے لیکن اس کے بعد پختونوں کی بیٹی شاندانہ گلزار پر غداری کا مقدمہ درج کیا گیا، جب مرہم رکھنے کا وقت ہے حکومت ان پر نمک ڈال رہی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو توڑنے میں جو بین الاقوامی قوتیں ملوث ہیں وہ پاکستان کے لوگوں کے ساتھ مل کر اس عمل کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں کیونکہ نہ نواز شریف اور نہ ہی آصف زرداری کی پاکستان میں کوئی دلچسپی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1039748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش