جیل بھرو تحریک شروع ہوتے ہی عمران خان کو گرفتار کر لیں گے، رانا ثنا اللہ
6 Feb 2023 08:42
ملتان میں خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا تم جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہارا علاج میں کروں گا، 25 مئی کو تم نے اسلام آباد لاک کرنے آنا تھا، تمہارے ساتھ جو ہوا وہ تمہیں یاد ہونا چاہیے، 26 نومبر کو جو تمہارے ساتھ ہوا وہ یاد ہونا چاہیے۔
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک شروع کی تو حکومت سابق وزیراعظم اور پارٹی سربراہ عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے تیار ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک شروع کریں، انہیں ان ہی سیلوں میں رکھیں گے جہاں انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو رکھا تھا۔ ملتان میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا عمران خان کو جیل میں کھانے پینے کی ہر چیز دیں گے مگر وہ ایک چیز نہیں دیں گے جس کے بغیر عمران خان کا گزارا ممکن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن جیت کر ہم آئندہ حکومت بنائیں گے، ملک میں مہنگائی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ ملک آج اس حالت میں کیسےپہنچا؟ 1999 میں ایٹمی قوت بننے کے بعد پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا، پاکستان معاشی طور پر مضبوط تھا، ہمارا مستقبل اس میں تھا کہ ہم ایٹمی دھماکے کریں، پاکستان ایٹمی قوت اس دن بنا جس دن ایٹمی دھماکے ہوئے، آج پاکستان موجود اور قائم ہے تو اس کی وجہ ایٹمی قوت ہے۔
خبر کا کوڈ: 1039787