0
Monday 6 Feb 2023 15:06

جنرل مشرف کی میت دبئی سے پاکستان لانے میں مزید تاخیر کا شکار

جنرل مشرف کی میت دبئی سے پاکستان لانے میں مزید تاخیر کا شکار
اسلام ٹائمز۔ دبئی میں گزشتہ روز انتقال کر جانے والے سابق پاکستانی صدر و آرمی چیف و جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی میت دبئی کے مقامی اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف کی میت دبئی سے پاکستان منتقل کئے جانے میں تاخیر کا سامنا ہے۔ اس سے قبل پاکستانی وقت کے مطابق پرویز مشرف کی میت ساڑھے 11 بجے دن پاکستان کیلئے روانہ کی جانی تھی۔ سفارتی حکام کے مطابق پرویز مشرف کی میت خصوصی طیارے کی ذریعے شام میں پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔ خصوصی طیارہ شام 7 بجے پاکستان کیلئے روانہ ہوگا۔ اس سے قبل سہ پہر میں جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی میت دبئی سے پاکستان کیلئے روانہ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔

پرویز مشرف کی میت پاکستان لے جانے کیلئے یو اے ای میں پاکستانی سفارت خانے نے این او سی جاری کر دیا ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف کی میت کے ہمراہ ان کی اہلیہ صہبا، بیٹا بلال اور بیٹی بھی پاکستان جائیں گے۔ سابق صدر کی تدفین کراچی میں کرائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ واضح رہے کہ سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اتوار کی صبح دبئی میں انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 79 برس تھی۔ پرویز مشرف اعضاء کی خرابی کی بیماری (ایمیلوئیڈوسس) میں مبتلا اور 18 مارچ 2016ء سے دبئی کے امریکی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پرویز مشرف کو کراچی میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1039832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش