QR CodeQR Code

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں متعدد تجاویز منظور

6 Feb 2023 22:42

اجلاس میں کہا کہ اگر یہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ ختم ہوگیا تو ملک کا اتحاد پارہ پارہ ہوجائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت بورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کی۔ اجلاس میں ملک بھر سے مجلس عاملہ کے ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر بہت سے پہلوؤں پر تفصیل سے گفتگو ہوئی جن میں یونیفارم سول کوڈ اور ملک کے مختلف عدالتوں میں چل رہے مسلم پرسنل لاء سے متعلق مقدمات کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں بورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی، نائب صدور مولانا ارشد مدنی، مولانا فخر الدین اشرف، پروفیسر سید علی نقوی، جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اﷲ رحمانی، مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، مولانا فضل الرحیم مجددی، مولانا محمود مدنی، مولانا سجاد نعمانی، مولانا مصطفی رفاعی جیلانی، بیرسٹر اسد الدین اویسی، مولانا خالد رشید فرنگی محلی، مولانا ولی فیصل رحمانی، ڈاکٹر قاسم رسول الیاس، کمال فاروقی، یوسف حاتم مچھالہ ایڈووکیٹ، مولانا سید بلال حسنی ندوی، مولانا عتیق احمد بستوی، شمشاد احمد ایڈووکیٹ، طاہر حکیم ایڈووکیٹ، ڈاکٹر مونسہ بشرٰی خصوصی طور پر شریک تھے۔

یہ اجلاس محسوس کرتا ہے کہ ملک میں نفرت کا زہر پھیلایا جارہا ہے اور اس کو سیاسی لڑائی کا ہتھیار بنایا جارہا ہے۔ یہ اس ملک کے لئے سخت نقصاندہ ہے۔ جنگ آزادی کے مجاہدین، دستور کے مرتبین اور ملک کے اولین معماروں نے اس ملک کے لئے جو راستہ اختیار کیا تھا، یہ اس کے بالکل خلاف ہے۔ یہاں صدیوں سے مختلف مذاہب، قبائل، زبانوں اور تہذیبوں سے تعلق رکھنے والوں نے ملک کی خدمت کی ہے اور اس کو آگے بڑھانے میں یکساں کردار ادا کیا ہے۔ اجلاس میں کہا کہ اگر یہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ ختم ہوگیا تو ملک کا اتحاد پارہ پارہ ہوجائے گا، اس لئے یہ اجلاس حکومت سے محب وطن شہریوں سے، قانون دانوں، سیاسی رہ نمائوں اور میڈیا کے لوگوں سے درد مندانہ اپیل کرتا ہے کہ وہ نفرت کی اس آگ کو پوری قوت کے ساتھ بجھانے کی کوشش کریں اور اس کو ہوا دینے سے بچیں، ورنہ یہ آگ آتش فشاں بن جائے گی اور ملک کی تہذیب، اس کی نیک نامی، اس کی ترقی اور اس کی اخلاقی وجاہت سب کو جلا کر رکھ دے گی۔


خبر کا کوڈ: 1039866

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039866/ا-ل-انڈیا-مسلم-پرسنل-لاء-بورڈ-کی-مجلس-عاملہ-کے-اجلاس-میں-متعدد-تجاویز-منظور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org