QR CodeQR Code

سیاستدانوں کی خانہ جنگی نے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا، محمد حسین محنتی

6 Feb 2023 21:23

کشمیر کانفرنس کے دوران حکمرانوں کو غفلت سے نکل کر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے عملی اقدامات کرنے، کشمیری عوام پر مظالم کی مذمت، اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل اور کشمیری عوام کو مرضی سے زندگی گذارنے کا حق دینے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کی خانہ جنگی نے مسئلہ کشمیر جیسے قومی ایشو کو پس پشت ڈال دیا، کشمیر ہماری شہہ رگ ہے، پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر سے دستبرداری کا سوچ بھی نہیں سکتے، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک پلیٹ فورم پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے، قومی سطح پر عالمی طاقتوں کے ضمیر کو جگانا ہوگا، انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر ہیومن رائٹس کی عالمی این جی اوز کو بھی اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے، وادی کشمیر میں اب آزادی کا سورج طلوع ہونے کا وقت آگیا ہے، جلد کشمیری آزاد فضا میں سانس لیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیومن رائٹس نیٹورک سندھ کے تحت قبا آڈیٹوریم گلبرگ کراچی میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے ہیومن رائٹس نیٹورک سندھ کے کنوینئر انتخاب عالم سوری، سماجی رہنما شہزاد مظہر، شمیم ناز، نفیس احمد، انجنینئر وسیم، معین عباسی مدنی، نفیس عالم، عابد سہگل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیاسی و سماجی رہنما، صحافی اور حقوق انسانی سمیت سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شریک تھے۔

کانفرنس کے دوران حکمرانوں کو غفلت سے نکل کر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے عملی اقدامات کرنے، کشمیری عوام پر مظالم کی مذمت، اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل اور کشمیری عوام کو مرضی سے زندگی گذارنے کا حق دینے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ حکومتِ پاکستان خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے بھارت کے غیر قانونی قبضہ کے خاتمے اور کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرے، عوام ساتھ کھڑی ہے۔حکومت پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور قانونی مدد جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر دونوں ممالک میں ایک متنازعہ علاقہ ہے، بھارت کی غیر قانونی کارروائی پر ہماری فوج اور حکومت کو حرکت میں آنا چاہئے۔ ہیومین رائٹس نیٹ ورک سندھ کے کنونیئر انتخاب عالم سوی نے کہا کہ دنیا میں فلسطین اور کشمیر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بڑے مراکز بن چکے ہیں، دنیا بھر میں کوئی ایسا ادارہ نہیں، جو اسلامی نکتہ نظر سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائے، کشمیر و فلسطین اس کا واضح ثبوت ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1039887

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039887/سیاستدانوں-کی-خانہ-جنگی-نے-مسئلہ-کشمیر-کو-پشت-ڈال-دیا-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org