0
Monday 6 Feb 2023 22:07

سی ڈی ڈبلیو پی نے گلگت بلتستان کے دو اہم منصوبوں کی منظوری دیدی

سی ڈی ڈبلیو پی نے گلگت بلتستان کے دو اہم منصوبوں کی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے انتہائی اہمیت کے حامل پی ایس ڈی پی فنڈڈ دو بڑے منصوبوں ریجنل گرڈ سٹیشن (فیز ون) اور 26 میگا واٹ شغرتھنگ پاور پراجیکٹ کو وفاقی وزیر ترقیاتی منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں منعقد ہونے والے سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں اصولی منظوری دی گئی ہے اور حتمی منظوری کیلئے ایکنک بھیجنےکی سفارش کی گئی ہے۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے اس ضمن میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی بی جیسے پاکستان کے اہم اور دشوار گزار خطے میں اب تک ریجنل گرڈ سسٹم کا نہ ہونا ایک المیہ ہے جس کی وجہ سے یہاں کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اعصاب شکن توانائی بحران کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حوالے سے دیگر شعبوں کی بہتری کے ساتھ ساتھ توانائی بحران کے اہم مسئلہ کے دیرپا حل کے لئے بھی موثر اور عملی اقدامات کر رہے ہیں، اس کے لئے وفاقی حکومت کو انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج وفاقی وزارت ترقیاتی منصوبہ بندی کے اہم اجلاس میں منظور ہونے والے ان منصوبوں پر ایکنک کی حتمی منظوری کے بعد تیزی سے عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا اور سترہ ارب روپے کی لاگت سے ریجنل گرڈ فیز I سکیم منصوبہ اگلے 3 سالوں میں پایہ تکمیل کو پہنچے گی۔ چیف سیکریٹری نے مزید بتایا کہ جی بی میں پاور پراجیکٹس سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے۔

چیف سیکرٹری نے کہا اس منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان حکومت کو پاور سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔ شغرتھنگ چھبیس میگاواٹ پاور پراجیکٹ کے حوالے سے چیف سیکریٹری نے بتایا کہ یہ منصوبہ بلتستان ریجن بالخصوص ضلع سکردو سے ملحقہ آبادی کو توانائی بحران سے نجات دلانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد سکردو شہر لوڈشیڈنگ سے پاک ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں نہ صرف عوام کو اعصاب شکن لوڈشیڈنگ سے نجات ملے گی بلکہ بلتستان کے علاقوں میں سیاحت اور صنعتی ترقی کو بھی دوام حاصل ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 1039896
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش