QR CodeQR Code

ڈائریکٹر سٹاف کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کی سربراہی میں 25 ممالک کے افسران کی چیف جسٹس سے ملاقات

7 Feb 2023 01:11

اسلام آباد میں عمر عطاء بندیال نے کہا کہ پاکستان میں مسلح افواج کا پاکستان کے دفاع اور سویلین حکومت کی مدد کے لیے آئینی کردار ہے، اپنے فرائض کی انجام دہی اور ملک کی خدمت میں ہر رینک کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال سے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے ڈائریکٹر سٹاف لیفٹیننٹ کرنل محمد شیراز اقبال چیمہ کی سربراہی میں کورس میں شامل 25 دوست ممالک کی مسلح افواج کے افسران سمیت 50 رکنی وفد نے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال سے ملاقات کی۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انہیں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 1973ء کے آئین کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وفد کو پاکستان میں اختیارات کے مراکز اور ریاست کے ہر ایک ستون یعنی پارلیمنٹ، ایگزیکٹو اور عدلیہ کے امور کار اور اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔

وفد کو عدالتی نظام، اس کے کام، کردار، انصاف کی فراہمی اور سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے آئینی دائرہ اختیار اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے قانون کے تحت ضلعی عدالتوں کے دائرہ اختیار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے اس بات پر زور دیا کہ انصاف کے موثر نظام کے تحت شہریوں کی قانونی عدالتوں تک رسائی انصاف کی منصفانہ فراہمی کی پہلی شرط ہے۔ چیف جسٹس نے انہیں آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے وفد کو اقلیتوں، بچوں، خواتین کے حقوق اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے والے قوانین کی ترقی میں عدالت کے کردار سے آگاہ کیا۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے وضاحت کی کہ پاکستان میں مسلح افواج کا پاکستان کے دفاع اور سویلین حکومت کی مدد کے لیے آئینی کردار ہے۔ اپنے فرائض کی انجام دہی اور ملک کی خدمت میں ہر رینک کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ چیف جسٹس نے بعد ازاں ایک انٹرایکٹو سیشن میں شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔ وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ معزز چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی جذبہ خیر سگالی کے تحت وفد کو شیلڈ پیش کی۔ اس سے قبل وفد نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں مختلف بنچز کے سامنے عدالتی کارروائی کا بھی مشاہدہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 1039924

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1039924/ڈائریکٹر-سٹاف-کمانڈ-اینڈ-کالج-کوئٹہ-کی-سربراہی-میں-25-ممالک-کے-افسران-چیف-جسٹس-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org