0
Tuesday 7 Feb 2023 01:21

نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کی بحالی کے لیے شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں کمیٹی قائم

نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کی بحالی کے لیے شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں کمیٹی قائم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کی ازسرنو بحالی، اصلاحات اور اس کی استعداد میں اضافے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں بین الوزارتی سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں توانائی کی بچت کیلئے اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے نیکا کی کارکردگی اور اس میں موجود خامیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وسائل کا بے دریغ زیاں ہو رہا ہے اور ادارے بند پڑے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیکا کو فوری طور پر فعال بنانے کیلئے بین الوزارتی کمیٹی اقدامات کرے اور نیکا کی افرادی قوت میں اضافہ کرتے ہوئے شفافیت کے پہلو کو مقدم رکھا جائے۔

وزیراعظم نے نیکا کے ماہرین کو تعمیراتی، صنعتی، مواصلات، پاور اور زراعت کے شعبے میں توانائی کی بھرپور بچت کیلئے وزارتوں کو لائحہ عمل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کی موجودہ استعداد اور اس کے مینڈیٹ کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیکا کی استعداد بڑھانے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے۔ اجلاس کو نیکا کے بجٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ قومی نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن پالیسی کا مسودہ بہت جلد کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے نیکا کی اصلاحات کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کرکے ضروری اقدامات کا وقت متعین کرنے اور ان اقدامات کو معینہ مدت میں یقینی بنانے کی تاکید کی۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خرم دستگیر خان، مشیرِ وزیراعظم احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، معاونین خصوصی جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1039926
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش