0
Tuesday 7 Feb 2023 10:14

جنوبی ایشیا پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، بیرسٹر سلطان

جنوبی ایشیا پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بھارتی سفارتخانہ سے برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ تک ہزاروں کشمیریوں نے زبردست یکجہتی مارچ کیا۔ اس موقع پر یکجہتی مارچ کے شرکا مودی قصائی، کشمیریوں کا قاتل مودی کشمیر ہمارا چھوڑ دو، گو مودی گو، لے کر رہیں گے آزادی ہے حق ہمارا آزادی، مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند کرو، اقوام متحدہ کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دلوائے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین نہ منظور، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرو جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے اور انہی نعروں پر مشتمل پلے کارڈز، بینرز اور پینافلیکس اُٹھائے ہوئے تھے۔

یکجہتی مارچ میں جہاں برطانیہ کے مختلف شہروں اور یورپ کے دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں لوگ شرکت کے لئے لندن آئے ہوئے تھے وہاں اس یکجہتی مارچ میں خواتین کی بھی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر یکجہتی مارچ کے شرکا سے اپنے خطاب میں صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اُس وقت پیدا ہوا جب برطانیہ اپنے دو سو سالہ اقتدار کے خاتمے پر برصغیر سے نکلا لہذا برطانیہ کی یہ دوہری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوائے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ چیز ذہن نشین ہونی چاہیے کہ پاکستان اور بھارت دو جوہری طاقتیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ جنوبی ایشیا پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپوں سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتا اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں اور ہماری یہ جدوجہد اُس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی نہیں حاصل کر لیتے۔ انشاء اللہ وہ وقت قریب ہے جب مقبوضہ کشمیر بھارت کے جابرانہ غاصبانہ قبضے سے آزاد ہو کر رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 1039968
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش