QR CodeQR Code

بھارت میں مذہب کے نام پر سیاست خطرناک ہے، شردپوار

7 Feb 2023 16:42

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سربراہ نے ڈاکٹر اسحاق جمخانہ والا کے بارے میں کہا کہ جمخانہ والا نے انجمن اسلام کی صدارت کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ادارے کی ترقی میں اہم رول ادا کیا تھا اور انکے کاموں کو بھلایا نہیں جا سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت میں مذہب کے نام پر سیاست خطرناک ہے، ہمیں فرقہ پرستوں کے مقابل متحد رہنا ہے تاکہ وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جاسکے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سربراہ شردپوار نے ان خیالات کا اظہار کل کوکن میلہ کے ایک اجلاس میں کیا۔ شرد پوار نے اپنی جامع تقریر کے دوران انجمن اسلام کے سابق صدر ڈاکٹر اسحاق جمخانہ والا، سابق وزیر اعلی عبدالرحمن انتولے، ڈاکٹر رفیق زکریا، معین الدین حارث اور رضوان حارث کی سیاسی، سماجی اور ملی خدمات کا خاص طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر اسحاق جمخانہ والا کے بارے میں کہا کہ جمخانہ والا نے انجمن اسلام کی صدارت کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ادارے کی ترقی میں اہم رول ادا کیا تھا اور ان کے کاموں کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ ہمیں متحد ہو کر ملک اور ریاست کے لئے کام کرنا چاہیئے، نفرت کی فضاء سے محفوظ رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ فرقہ پرست طاقتیں ملک میں نفرت پھیلا رہی ہیں، ان طاقتوں سے نمٹنے کے لئے لمبی لڑائی لڑنے کی ضرورت ہے، نفرت کا بیج بونے والوں سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

شردپوار نے کہا کہ کچھ لوگ اور ادارے ہیں جو نفرت کے بیچ بو ر ہے ہیں، ان سے ہمیں مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کوکن میلہ منعقد کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور کوکن کے انواع و اقسام کے کھانوں کی خصوصیت بیان کرتے ہوئے وہاں کی سوکھی مچھلیوں کا بھی تذکرہ کیا اور مختلف کھانوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے کوکن میلے میں شرکت کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا ’’میں نے کوکن میلے کے بارے میں سن رکھا تھا، کورونا کی وجہ سے سب کام کاج ٹھپ پڑ گیا تھا اور اس وجہ سے کوکن میلہ بھی نہیں لگایا جا سکا تھا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کوکن میلے کی ایک خاصیت یہ ہے کہ یہاں کوکن کو پیش کیا جاتا ہے اور اس میلے میں کوکن کی الگ الگ چیزیں دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1040001

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1040001/بھارت-میں-مذہب-کے-نام-پر-سیاست-خطرناک-ہے-شردپوار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org