QR CodeQR Code

دہشتگردوں کیساتھ ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ بھی کرنا ہوگا، آئی جی پنجاب

7 Feb 2023 16:00

لاہور پولیس کے افسران اور اہلکاروں سے خطاب میں ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ جیسے میانوالی میں پولیس کے بہادر سپوتوں نے بہترین انٹیلی جنس اور بہادری سے دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا اسی جذبے سے لڑتے ہوئے دہشتگردی، فرقہ واریت اور منظم جرائم میں ملوث سماج دشمن عناصر کو ارض پاک سے نکال باہر کرتے ہوئے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے سے دہشت گرد اور سماج دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کیلئے ہمیں جذبہ حب الوطنی کے تحت مل کر لڑنا ہے اور دہشت گردوں کیساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ جیسے میانوالی میں پولیس کے بہادر سپوتوں نے بہترین انٹیلی جنس اور بہادری سے دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا اسی جذبے سے لڑتے ہوئے دہشتگردی، فرقہ واریت اور منظم جرائم میں ملوث سماج دشمن عناصر کو ارض پاک سے نکال باہر کرتے ہوئے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے ہمیں جہاں اپنے فرائض غیر جانبداری اور ایمانداری سے ادا کرنا ہیں۔ ڈاکٹرعثمان انور نے لاہور پولیس کے افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی ویلفیئر، ترقیوں اور دیگر معاملات کی کوئی فائل سی پی او یا اضلاع میں زیر التواء نہیں رہے گی۔
 
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پولیس افسران و اہلکاروں کی سزاؤں کیخلاف زیرالتواء اپیلوں پر متعلقہ افسران کو 16 فروری 2023 تک فیصلے کا حکم دے چکا ہوں جبکہ پولیس افسران و اہلکاروں کی محکمانہ پروموشن کا عمل تیز کرنے کیلئے صوبے کے تمام آرپی اوز، ڈی پی اوز کو تین روز کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے پابند کیا ہے کہ کانسٹیبل سے ڈی ایس پی تک ترقی کیلئے اے سی آرز سمیت تمام کاغذات اور سفارشات 9 فروری تک سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔

آئی جی پنجاب نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں غیر ملکیوں بالخصوص چینی باشندوں شہریوں کی سکیورٹی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھے جائیں جبکہ اقلیتی عبادتگاہوں اور اقلیتوں کی سکیورٹی کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1040018

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1040018/دہشتگردوں-کیساتھ-ان-کے-سہولت-کاروں-کا-خاتمہ-بھی-کرنا-ہوگا-ا-ئی-جی-پنجاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org