QR CodeQR Code

پاکستان سے یومیہ لاکھوں ڈالر غیرقانونی طریقے سے افغانستان اسمگل ہو رہے ہیں، بلومبرگ

7 Feb 2023 21:57

رپورٹ کے مطابق ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل محمد ظفر پراچا نے کہا ہے کہ تاجر اور اسمگلرز ہر روز کم از کم 50 لاکھ ڈالر سرحد پار اسمگل کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے یومیہ لاکھوں ڈالر غیرقانونی طریقے سے افغانستان اسمگل ہو رہے ہیں۔ نشریاتی ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پہلے ہی معاشی عدم استحکام کا شکار پاکستان سے ہر روز لاکھوں ڈالر افغانستان اسمگل کیے جارہے ہیں جس سے افغانستان کی معیشت کو تقویت مل رہی ہے، پاکستانی معیشت کمزور ہو رہی ہے۔ پاکستان سے ہر روز لاکھوں ڈالر غیر قانونی طریقے سے افغانستان اسمگل کیے جارہے ہیں جس سے افغانستان کی سکڑتی ہوئی معیشت کو کچھ حد تک سہارا مل رہا ہے، باوجود اس کے کہ یورپ اور امریکا نے طالبان کو غیر ملکی بینکوں میں رکھے اربوں ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر تک رسائی دینے سے انکار کردیا تھا۔

تاہم پاکستان کے لیے یہ صورتحال تشویشناک ہے کیونکہ ڈالر کی اسمگلنگ سے تیزی سے بڑھتے معاشی بحران میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل محمد ظفر پراچا نے کہا ہے کہ تاجر اور اسمگلرز ہر روز کم از کم 50 لاکھ ڈالر سرحد پار اسمگل کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہر ہفتے افغانستان کی مرکزی بینک مارکیٹ سے کم از کم ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر ذخیرہ کرتی ہے۔ غیر قانونی طور پر ڈالر کی اسمگلنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2021 میں حکومت میں آنے کے بعد طالبان کس طرح معاشی پابندیوں سے نبرد آزما ہیں، ڈالرز کی افغانستان اسمگلنگ سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ پیدا ہو رہا ہے جبکہ روپے کی قدر تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جس نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پہنچا دیا ہے۔

دوسری جانب اسی عرصے میں پاکستانی کرنسی امریکی ڈالر کے مقابلے 37 فیصد تک کم ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوری کے آخر تک پاکستانی کرنسی میں ایک دن میں تقریباً 10 فیصد کی کمی واقع ہوئی، جو کہ کم از کم دو دہائیوں میں سب سے بڑی گراوٹ ہے، جس کی اہم وجہ حکومت کی طرف سے آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے کے لیے نرمی دکھا کر ڈالر پر مصنوعی کنٹرول ختم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال سے پاکستان کو تباہ کن سیلاب، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور سیاسی عدم استحکام کا سامنا ہے، جبکہ اس کے زرمبادلہ کے ذخائر 3.09 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جو کہ 9 سال میں کم ترین سطح ہے۔


خبر کا کوڈ: 1040084

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1040084/پاکستان-سے-یومیہ-لاکھوں-ڈالر-غیرقانونی-طریقے-افغانستان-اسمگل-ہو-رہے-ہیں-بلومبرگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org