QR CodeQR Code

لاقانونیت، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے، شبیر حسین ساجدی

7 Feb 2023 22:02

پشاور میں خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ، گزشتہ روز پولیس تھانے پر دہشتگردوں کا حملہ، پشاور پولیس لائنز مسجد دھماکا، پشاور ماڈل کالج واقعات سمیت کئی لاقانونیت و بدامنی کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختون خواہ کے سیکرٹری جنرل شبیر حسین ساجدی نے پشاور میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاقانونیت، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، اس ابتر صورتحال پر اشرافیہ، بیورکریسی، سیاستدان اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے کیوں کر متوجہ نہیں ہیں، حکمرانوں نے ریاست کو گھر کی لونڈی سمجھ رکھا ہے اور ملکی اشرافیہ بالواسطہ یا بلاواسطہ شریک اقتدار بنی ہوئی ہے، جو کہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومتی فیصلوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ، گزشتہ روز پولیس تھانے پر دہشتگردوں کا حملہ، پشاور پولیس لائنز مسجد دھماکا، پشاور ماڈل کالج واقعات سمیت کئی لاقانونیت و بدامنی کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ گلی کوچوں، شہروں اور دہہاتوں میں آئے روز لوگ وارداتوں کا شکار ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر پہلے تو قانون کی پکڑ میں ہی نہیں آتے اگر کوئی پکڑا بھی جائے تو عدالتوں سے فوری ریلیف مل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کی اکثریت فاقوں پر مجبور ہے، آٹے کی قلت اور مہنگے داموں سے عوام کا جینا اجیرن ہو گیا ہے، مجبور اور بے بس خواتین آٹے کے ٹرکوں کے پیچھے بھاگنے پر مجبور نظر آتی ہیں، ہر چوک پر درجنوں افراد روزگار کی تلاش میں صبح سے لے کر شام تک راہ تکتے رہتے ہیں کہ کوئی مسیحا آکر دیہاڑی کے لیے لے جائے تاکہ بچوں کے لیے ایک وقت کی روٹی کا بندوست ہو سکے۔ کبھی کام نہ ملنے پر صورتحال فاقوں تک پہنچ جاتی ہے لیکن غریب عوام کا کوئی بھی پرسان حال نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 1040085

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1040085/لاقانونیت-مہنگائی-اور-بے-روزگاری-نے-عوام-کا-جینا-حرام-کر-رکھا-ہے-شبیر-حسین-ساجدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org