0
Tuesday 7 Feb 2023 22:35

پشاور پولیس لائنز دھماکے میں فاسفورس استعمال کیا گیا، صدر مملکت

پشاور پولیس لائنز دھماکے میں فاسفورس استعمال کیا گیا، صدر مملکت
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پشاور پولیس لائنز میں ہونے والے دھماکے میں فاسفورس استعمال کیا گیا، پاکستان نے پہلے بھی دہشتگردی کا مقابلہ کیا اور اسے شکست دی، ہمارے حوصلے اب بھی جوان ہیں اور پوری قوم مل کر اب بھی دہشت گردی کو شکست دے گی۔ وہ منگل کے روز اپنے ایک روزہ دورہ پشاور کے موقع پر وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے، اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ اعظم خان اور صوبائی وزیر سید مسعود شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پشاور دھماکے کے فوراً بعد نہیں آیا تاکہ امدادی سرگرمیوں میں خلل نہ پڑے، افسوس ہے کہ اتنے زیادہ افراد اس دھماکے میں شہید ہوئے، زخمیوں سے بھی ملاقات کی، جو دھماکا ہوا اس میں فاسفورس کا استعمال کیاگیا جو نہایت ہی خطرناک ہوتا ہے، دہشت گردی کا یہ گھناﺅنا واقعہ بڑا ہی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ کی تعریف کرتا ہوں کہ اتنا بڑا دھماکا اور اس کے زخمیوں کو سنبھال لیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے لیے مرکز کیجانب سے بیس لاکھ روپے اور زخمیوں کو پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں اضافہ ہورہا ہے، کوئی بھی معاوضہ کسی بھی رشتہ کا متبادل نہیں ہوسکتا، یہ دہشت گردی جو دوبارہ سر اٹھا رہی ہے اس کا قلع قمع کیا جائے گا۔ صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے جس طرح گزشتہ کئی سالوں کے دوران دہشتگردی کا مقابلہ کیا اسی طرح اب بھی مقابلہ کیا جائیگا۔ دنیا کی کوئی طاقت اتنی کامیابی سے دہشتگردی کا مقابلہ نہیں کرسکتی جس طرح پاکستان نے کیا، پاکستان کے مغرب کیجانب کئی ممالک تباہ ہوئے لیکن پاکستان کی افواج، عوامی نمائندوں، حکومت اور عوام نے ملکر اس عفریت کو روکا، ہم اب بھی دہشتگردی کا مقابلہ کرتے ہوئے اس کا قلع قمع کریں گے، ایک زخمی دو دھماکوں کا غازی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور مرکزی حکومت چوکنی ہے اور ہم دہشتگردوں کا مقابلہ کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 1040090
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش