QR CodeQR Code

دہشتگردی اور امریکی پابندیاں شام میں زلزلے سے ہونیوالی تباہی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں، فیصل المقداد

7 Feb 2023 23:53

اپنے ایک انٹرویو میں شامی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم ان تمام رہنماؤں کو سراہتے ہیں، جنہوں نے اظہار تعزیت کیلئے فون کیا اور مدد کیلئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا۔


اسلام ٹائمز۔ شام کے وزیر خارجہ "فیصل المقداد" نے ملک میں زلزلے کی تشویشناک صورتحال پر امریکی پابندیوں کے اثرات پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ دمشق نے ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ شامی وزیر خارجہ نے آج منگل کی شام اس امر کی تاکید کی کہ ہمارے ملک میں زلزلہ زدگان کی صورت حال بہت سنگین ہے اور شامی عوام مدد کے طلبگار ہیں۔ انہوں نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ بہت المناک ہے، جبکہ دہشت گردی اور اس کے حامیوں کے خلاف جنگ نے اس حادثے کے نقصانات کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی پابندیوں نے بھی اس تباہی کی شدت کو بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی حکومت داخلی اور خارجی سطح پر مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ فیصل المقداد نے وضاحت کے ساتھ کہا کہ شامی صدر بشار الاسد نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کے تمام ذرائع استعمال کیے ہیں۔

شامی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اپنے سفیروں کے ذریعے بیرونی امداد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک نے شام کو امداد بھیجی ہے۔ ہم ان تمام رہنماؤں کو سراہتے ہیں، جنہوں نے اظہار تعزیت کے لیے فون کیا اور مدد کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کیا۔ فیصل مقداد نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام کو مزید امداد کی ضرورت ہے اور یورپی ممالک کو بھی ہماری مدد کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کی طرف سے امداد بھیجنے کا بیورو کریسی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور انسانی ہمدردی کی بنا پر کی گئی امداد کو کسی اجازت کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے شام کے تمام وسائل کو نابود کر دیا ہے، نیز امریکی پابندیوں کی وجہ سے شام ہر چیز سے محروم ہوگیا ہے حتیٰ کہ ادویات کی خریداری سے بھی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز سوموار کی صبح ترکی اور شام میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا، جس کا مرکز ترکی تھا۔ اس کے علاوہ اس زلزلے کی زد میں مغربی ایشیاء اور مشرقی بحیرہ احمر کے زیادہ تر علاقے بھی آئے۔ زلزلہ پیما مراکز کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ یہ زلزلہ ترکی اور شام کی سرحد اور ترکی کے شہر "غازی آنتپ" سے 26 کلومیٹر شمال مشرق میں آیا۔ رپورٹس کے مطابق، یہ زلزلہ ترکی، شام، لبنان، فلسطین، عراق، اُردن، مصر، سعودی عرب میں آیا، اس کے علاوہ یوکرائن اور یونان، بلغاریہ جیسے یورپ کے دیگر ممالک بھی اس کی زد میں آئے۔ شام کی وزارت صحت نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ حلب، لاذقیہ، حما، ادلب اور طرطوس کے صوبوں میں زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 769 اور زخمیوں کی تعداد 1448 افراد تک جا پہنچی ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ یہ اعداد و شمار حتمی نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1040109

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1040109/دہشتگردی-اور-امریکی-پابندیاں-شام-میں-زلزلے-سے-ہونیوالی-تباہی-اضافے-کا-باعث-بن-رہی-ہیں-فیصل-المقداد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org