QR CodeQR Code

ریجنل گرڈ اور شغرتھنگ منصوبے نون لیگ کے ویژن کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے، حفیظ الرحمن

8 Feb 2023 00:20

سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ عمران نیازی کے دور حکومت میں نظر انداز منصوبوں پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیر پلاننگ احسن اقبال سے ملاقاتوں اور بار بار رابطوں کے ثمرات کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعلی و صدر مسلم لیگ نون گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان نے وفاق میں لیگی قیادت کی عوامی زمہ داریاں اٹھانے کے ساتھ ہی عمران نیازی کے دور حکومت میں نظر انداز منصوبوں پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیر پلاننگ احسن اقبال سے ملاقاتوں اور بار بار رابطوں کے ثمرات کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔ 07 ارب مالیت کے گلگت سیوریج کے میگا منصوبے کی منظوری کے بعد ایک اور مرحلہ 26 میگاواٹ شغرتھنگ پاور منصوبہ مالیت 18 بلین اور ریجنل گریڈ فیز ون کا میگا عوامی منصوبے کی سی ڈی ڈبلیو پی کے فورم سے منظوری مسلم لیگ نون جی بی کے اپنے عوام کیلئے دیئے گئے تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے  وژن کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے۔ دونوں میگا منصوبے نون لیگ جی بی کے قائدین کی کوششوں اور انتظامی آفیسران کے تعاون کا حقیقی ثمر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے بلتستان میں بجلی بحران کے خاتمے اور مسلم لیگ (ن) کے وژن کے مطابق لب دریا بننے والے تمام بجلی کے منصوبوں کو آپس میں مربوط کرنے میں اہم مدد ملے گی اور اندھیروں کے خاتمے کے ساتھ تعمیر و ترقی اور معاشی ترقی کے دروازے کھلیں گے۔ سابق وزیراعلی حفیظ الرحمن نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کی سیاست کا اولین مقصد حقیقی معنوں میں جی بی کی تعمیر و ترقی اور اپنی قوم کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہے۔ 2015ء سے 2018ء تک جی بی کی حقیقی تعمیر و ترقی کے وژن کا دور رہا۔ جب سابق صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے مل کر ہر شعبے میں تعمیر و ترقی کا ماڈل پیش کیا اور حقیقی طور پر عملدرآمد کا آغاز کیا۔ 17-2016ء کے فیڈرل پی ایس ڈی پی میں شامل ریجنل گرڈ اور شغرتھنگ پاور کا منصوبہ سمیت دیگر منصوبے 04 سال عمران نیازی کے تباہی کے دور میں دبے رہے۔

سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی عوامی زمہ داریاں اٹھانے کے ساتھ تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے وژن پر عملدرآمد کے مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا رہا ہے اور مسلم لیگ (ن) اپنے اعلان کردہ منصوبوں پر عملدرآمد کر کے اپنے عوام کے سامنے سرخرو ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اور سلیکٹڈ صوبائی حکومت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور سابق صوبائی حکومت کے منصوبوں پر کوئی توجہ نہیں دی اور لٹکائے رکھا۔ جس کے باعث آج یہ منصوبے اپنی سابقہ لاگت سے 30 فیصد سے 40 فیصد زائد لاگت سے منظور ہو رہے ہیں۔ ان منصوبوں پر زیادہ لاگت عمران نیازی کی نااہلیوں کی سب سے بڑی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم دیکھ رہی ہے، سلیکٹڈ صوبائی حکومت کے یہ مراعات یافتہ طبقہ عمران نیازی کی چوکیداری کیلئے وقت اور قوم کے سارے وسائل جھونک کے بیٹھے ہیں۔ ان کے پاس قوم کے مفاد کے ان بڑے منصوبوں کی منظوری کے مراحل میں کسی فورم میں کردار ادا کرنے کی توفیق نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ 2015ء سے 2018ء کے دوران جی بی کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دیئے گئے تمام منصوبوں کی تکمیلِ کیلئے اپنی تمام کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں اور اسلام آباد میں اپنے عوام کی خوشحالی کیلئے اپنی کوششیں جاری و ساری رکھیں گی۔ جی بی کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی مسلم لیگ (ن) کے سنگ ہے۔ مسلم لیگ اپنے عوام کے اندر اپنے عملی اقدامات اور حقیقی تعمیر و ترقی کے وژن کی وجہ سے زندہ و تابندہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 1040115

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1040115/ریجنل-گرڈ-اور-شغرتھنگ-منصوبے-نون-لیگ-کے-ویژن-کی-تکمیل-جانب-اہم-قدم-ہے-حفیظ-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org