QR CodeQR Code

اب فیصلے سڑکوں پر ہوں گے، حکومت مسائل کے حل کے لئے پارلیمنٹ سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے، نواز لیگ

6 Oct 2011 01:40

اسلام ٹائمز:اپوزیشن لیڈر چودھری نثار علی خان اور دیگر لیگی ارکان کا کہنا تھا کہ بجلی کی نایابی کی وجہ سے نہیں بلکہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے ملک میں تاریکی کا راج ہے، عوام سڑکوں پر آ چکے ہیں، مسائل کے حل کے بغیر واپس نہیں جائیں گے، قیادت ان کے ساتھ کھڑی نہ ہوئی تو عوامی احتجاج کی قیادت کوئی اور اپنے ہاتھ میں لے سکتا ہے


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور بلوچستان سے پی پی کے رکن سید ناصر علی شاہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ پی پی پی کے اراکین سید ظفر علی شاہ، آیت اللہ درانی اور فاٹا کے ارکان نے بھی دھرنے میں شرکت کی۔ دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا کہ بجلی کی نایابی کی وجہ سے نہیں بلکہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے ملک میں تاریکی کا راج ہے۔ آزادی و خود مختیاری، توانائی کے حوالے سے عوامی توقعات دم توڑ چکی ہیں۔ گُپ اندھیرا ہے حکومت سرے سے موجود نہیں ہے۔ وزیر اعظم، وزیر پانی و بجلی سمیت کوئی ذمہ دار وزیر ایوان میں موجود نہیں تھا۔ ہم سیاست چمکانے نہیں آئے، بلوچستان صوبائی نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے جس کی طرف توجہ دلانے آئے ہیں۔ حکومت غائب ہے حکومت کی جانب سے لوڈشیڈنگ، بلوچستان کے مسئلے اور امریکی دھمکیوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔
چودھری نثار کا کہنا تھا کہ حکومت سے اپنے ارکان مطمئن نہیں ہیں، انتہائی تشویشناک حالات ہیں۔ بلوچستان کے مسئلے پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہر جگہ بات کریں گے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ حکومتی ناکامی کی وجہ سے مسائل سڑکوں پر آ گئے ہیں۔ پارلیمنٹ کو مسئلے حل کرنے کے لئے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ عوام سڑکوں پر آچکے ہیں، مسائل کے حل کے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت ان کے ساتھ کھڑی نہ ہوئی تو عوامی احتجاج کی قیادت کوئی اور اپنے ہاتھ میں لے سکتا ہے۔ جس سے مزید تباہی آ سکتی ہے، اب مسائل سڑکوں پر حل ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 104067

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/104067/اب-فیصلے-سڑکوں-پر-ہوں-گے-حکومت-مسائل-کے-حل-لئے-پارلیمنٹ-سے-راہ-فرار-اختیار-کر-رہی-ہے-نواز-لیگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org