0
Tuesday 25 Aug 2009 08:07

مذاکرات میں تعطل سے بھارت کو زیادہ نقصان ہو گا: قریشی، وزیر خارجہ کی ہالبروک سے ملاقات، فرینڈز آف پاکستان اجلاس کا دوسرا سیشن آج ہو رہا ہے

مذاکرات میں تعطل سے بھارت کو زیادہ نقصان ہو گا: قریشی، وزیر خارجہ کی ہالبروک سے ملاقات، فرینڈز آف پاکستان اجلاس کا دوسرا سیشن آج ہو رہا ہے
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات کا عمل رکنے کا نقصان بھارت کو پاکستان سے زیادہ ہو گا۔ افغان صدارتی انتخابات کے نتائج آنے پر دیکھنا ہو گا کہ افغان عوام نتائج کس حد تک قبول کرتے ہیں۔ ترکی کے دارالحکومت استنبول میں فرینڈز آف پاکستان کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مذاکرات میں حائل مشکلات کا پاکستان کو بھی بخوبی ادراک ہے تاہم یہ عمل جاری رکھنا ہو گا۔ مذاکرات کا عمل رکنے سے پاکستان کو کم اور بھارت کو زیادہ نقصان ہو گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حافظ سعید کے خلاف کارروائی کیلئے حکومت کو ٹھوس قانونی شواہد اور ثبوتوں کی ضرورت ہے جو ابھی تک بھارت سے نہیں ملے۔ اس سلسلے میں نئی دہلی کی جانب سے ملنے والے تازہ ترین مواد کو جانچنے کے بعد کچھ کہا جا سکے گا۔ افغان انتخابات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ووٹرز کو ملنے والی دھمکیوں کے باوجود افغانستان میں سیاسی عمل کا آگے بڑھنا خوش آئند ہے۔ پاکستان ان انتخابات کے نتائج کا منتظر ہے۔ دیکھنا ہو گا یہ انتخابات افغانستان میں کس حد تک استحکام لاتے ہیں کیونکہ پرامن اور مستحکم افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے استنبول میں خصوصی امریکی ایلچی برائے پاکستان و افغانستان رچرڈ ہالبروک سے بھی ملاقات کی جس میں فرینڈز آف پاکستان اور افغان صدارتی انتخابات کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہالبروک نے اس ملاقات میں افغان صدارتی انتخابات اور بعد کے منظرنامے کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر بھی پیش کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ استنبول میں فرینڈز آف پاکستان کا مزید ایک اجلاس آج اور دوسرا کل ہو گا۔ گزشتہ روز کے اجلاس کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ یہ سینئر حکام کا اجلاس تھا جس میں حکام نے پاکستان کا موقف پیش کیا اور مالاکنڈ آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کے شرکاء کو آئندہ کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پہلے اجلاس میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا تصور بھی پیش کیا گیا جس کے تحت مختلف سیکٹرز میں کارپوریٹ سیکٹر کو شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں گزشتہ روز کی کاروائی کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اجلاس کی صدارت ترکی کے وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ کریں گے۔ اجلاس میں نیویارک اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان کے اجلاس کا دوسرا سیشن آج ہو رہا ہے جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور 20 سے زائد ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔ پاکستان اور ترکی کی مشترکہ سربراہی میں ہونے والے فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان کے وزارتی کمیشن کے اجلاس میں متاثرین مالاکنڈکی بحالی، پاکستان کی سیکورٹی اور معاشی صورتحال اور غربت کے خاتمے، سرمایہ کاری اور غیر ملکی منڈیوں تک رسائی سمیت توانائی کے بحران پر بات چیت کی جائے گی۔ اجلاس میں ستمبر میں نیویارک میں ہونے والے فرینڈز آف پاکستان کے سربراہ اجلاس کے حوالے سے بھی غور ہو گا جس میں امریکی صدر براک اوبامہ بھی شرکت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 10438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش