0
Friday 7 Oct 2011 09:54

پاکستان امریکہ کے مفادات کا خیال رکھے،براک اوباما پاکستان کیساتھ ہر سطح پر قریبی رابطے جاری رکھیں گے، امریکی دفتر خارجہ

پاکستان امریکہ کے مفادات کا خیال رکھے،براک اوباما پاکستان کیساتھ ہر سطح پر قریبی رابطے جاری رکھیں گے، امریکی دفتر خارجہ

واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہےکہ پاکستان نے امریکہ کے مفادات کا خیال نہ رکھا تو اس کیساتھ وسیع المدتی اسٹریٹیجک تعلقات رکھنا مشکل ہو گا۔ واشنگٹن میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ پاکستانی فوج اور انٹیلی جنس اداروں کے ایسے افراد کیساتھ رابطے ہیں، جو امریکہ کیلئے پریشانی کا باعث ہیں۔ القاعدہ کیخلاف پاکستان کا تعاون انتہائی اہم ہے، اس کے بغیر امریکہ کو اتنی کامیابی حاصل ہونا ممکن نہیں تھی۔ امریکہ افغانستان سے واپسی پر اسے ایک مستحکم جمہوری ملک کے طور پر چھوڑ کر جانا چاہتا ہے جبکہ پاکستان کو اس بات کی فکر ہے کہ امریکہ کی روانگی کے بعد کا افغانستان کیسا ہو گا۔ اس ضمن میں پاکستان کے ایسے ناپسندیدہ عناصر کیساتھ رابطے ہیں جن کے بارے میں اس کا خیال ہے کہ اتحادی فوج کی واپسی کے بعد افغانستان کے اقتدار پر براجمان ہو جائیں گے۔ براک اوباما کے مطابق امریکہ کی پاکستان کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش رہی ہے کہ مستحکم، جمہوری اور آزاد افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، انہیں اس سے خطرہ محسوس کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ آزاد افغانستان سے ان کے سکیورٹی مفادات کو خطرات پیدا ہو جائیں گے کیونکہ افغانستان خود کو بھارت کیساتھ منسلک کرے گا۔ امریکی صدر کے مطابق پاکستان کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بھارت کی جانب امن پسند رویہ سب کے مفاد میں ہے اور اس سے پاکستان کو ترقی میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ ہر سطح پر قریبی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان وکٹوریا نولینڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کیلئے خصوصی نمائندے مارک گراسمین اس ہفتے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد پاکستان اور امریکا سمیت خطے کے سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ ایک سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکا مخالف رائے عامہ پر تشویش ہے تاہم امریکا پاکستان میں جمہوریت کے فروغ سمیت تعلیمی اور معاشی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

خبر کا کوڈ : 104384
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش