0
Tuesday 25 Aug 2009 11:21

پاک ایران تجارتی معاہدے پر مذاکرات شروع

پاک ایران تجارتی معاہدے پر مذاکرات شروع
پاکستان اور ایران کے مابین ترجیحی تجارت کے معاہدے سے متعلق مختلف امور پر مذاکرات اسلام آباد میں شروع ہو گئے۔ مذاکرات کا پہلا دور 2 روز تک جاری رہے گا۔ پیر کو وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور باہمی تجارت کے فروغ کے لیے ترجیحی تجارت کا معاہدہ کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جا چکے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کیے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ ترجیحی تجارت کے معاہدے کے تحت مختلف اشیاءکی درآمد اور برآمد اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے لیے ایرانی حکام کا 5 رکنی وفد ڈائریکٹر جنرل وزارت تجارت کی سربراہی میں پاکستان پہنچ گیا ہے جو 2 روز قیام کرے گا اور وزارت خزانہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے حکام سے بات چیت کرے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات میں موجودہ حکومت کے دور میں گرمجوشی پیدا ہوئی ہے۔ صدر آصف علی زرداری ایران کے 2 سرکاری دورے کر چکے ہیں جبکہ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے بھی پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ ان اعلیٰ سطحی دوروں میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف اقدامات پر اتفاق کیا گیا ۔ تعلقات میں بہتری کے نتیجہ میں پاکستان اور ایران کا باہمی تجارتی حجم تاریخ میں پہلی بار ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مالی سال 2008-09ء کے دوران پاک ایران تجارتی حجم 18 کروڑ سے بڑھ کر ایک ارب 23 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا تھا اور ترجیحی تجارت کے معاہدے سے اس میں کئی گنا اضافہ کی توقع ہے۔

خبر کا کوڈ : 10458
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش